• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں معذور افراد کی تقریبات منعقد کی گئی جن میں معذور افراد کو معاشرہ میں ان کا مقام دینے اور ہر شعبہ زندگی میں ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا گیا۔ پنجاب میں الحمراء ہال کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے معذوروں کی بہبود کے لئے50کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا جبکہ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سرکاری سطح پر ملازمتوں میں معذور افراد کے کوٹہ تین فیصدمیں اضافہ کرکے رہے یعنی پانچ فیصد کرنے کا اعلان کیا اور ہدایت کی کہ معذور افراد کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا ئیں اور انہیں معاشرے میں اعلیٰ مقام دیا جائے، جبکہ لاہور میں نابینا افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ان کا مطالبہ تھا کہ یومیہ اجرت والوں کو مستقل کیا جائے۔ دنیا بھر میں3دسمبر کو خصوصی افراد کا عالمی دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد انہیں معاشرہ میں شریک کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی ہے۔ خصوصی افراد معاشرہ کا اہم حصہ ہیں اگرچہ یہ معذور ہوتے ہیں تاہم باقی انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں۔ دنیا میں بہت سی معذور شخصیات نے اہم مقام حاصل کیا۔ ایک نابینا خاتون ہیلن کیلن نے معذور افراد کی بحالی کیلئے عالمی سطح پر خدمات سرانجام دیں۔ معروف شاعر جان ملٹن بینائی سے محروم تھے اس کے باوجود عالمی شہرت حاصل کی۔ پاکستان میں بھی ایک نابینا خاتون ڈاکٹر شاہ نے خصوصی افراد کیلئے کئی ادارے قائم کئے اور معاشرہ میں ان کا مقام دلانے کیلئے قابل قدر کام کیا۔ کھیل کے میدان میں بھی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے عالمی سطح پر مقابلے ہوتے ہیں ا ور پاکستان بلائنڈمتعدد ٹیم تو عالمی چمپئن بھی رہی ہے۔ضرورت ہے کہ ہاکی، ٹینس اور دوسرے کھیلوں میں بھی ان کی تربیت کی جائے اور مختلف محکموں میں انہیں آگے آنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ معاشرہ میں یہ مثبت خدمات سرانجام دے سکیں۔ اس سلسلے میں صرف حکومت ہی نہیں بلکہ این جی اوز کو بھی آگے بڑھ کر ان کی رہنمائی کرنی چاہئے۔


.
تازہ ترین