• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پاکستان کے اعلانات سے آزاد خطے میں نئے دور کا آغاز ہوگا

والسل (جنگ نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر نے میاں نواز شریف کے حالیہ دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر جو مسائل بیان کئے ہیں ان کے حل ہونے سے خطے میں گڈگورننس اور تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان نے جن منصوبہ جات کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے اس سے آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار راجہ شوکت علی خان نے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار نئے منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ بالخصوص چک ہریام رٹھوعہ پل جوکہ میرپور کے دو بڑے تجارتی مراکز کو آپس میں ملائے گا کیلئے دو ارب روپے رکھنا انتہائی اہم تھا کیونکہ یہ منصوبہ مشرف کے دور سے شروع ہے اور مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ پندرہ سال سے ایک نامکمل منصوبہ مکمل ہونے سے میرپور کے لوگوں کو ایک ریلیف ملے گا۔اسی طرح لیپاٹنل کیلئے بھی رقم رکھی گئی ہے جوکہ اس خوبصورت علاقے کو مظفرآباد سے ملائے گی۔ یہ منصوبہ بھی گزشتہ کئی سالوں سے زیرالتوا رہا ہے اور وسائل مہیا نہ ہونے سے نامکمل ہے۔ مسلم لیگ کے مرکزی رہنما راجہ شوکت علی خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو قوی یقین ہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق آزادکشمیر کے علاقے کو مطلوبہ فنڈز جلدازجلد مہیا کریں گے تاکہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت مالی مشکلات سے نکل کر تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کا میرٹ کی بحالی کا عزم قابل ستائش ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور برادری ازم، اقربا پروری اور سفارش کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین