• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ کالعد م تنظیموں کے دفاع کی بجائے دہشتگردی ختم کریں ،سنی تحریک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے تحت نشتر پارک  میں منعقدہ جانثاراں مصطفیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پاناماکیس کافیصلہ آنے تک وزیر اعظم کو کام کرنے سے روکے، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کالعد م تنظیموں کا دفاع کرنے کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دیں ،کرپشن اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ، کرپشن ختم ہوگی توہی اس ملک کے عوام کو صاف ستھرا اور گرین پاکستان ملے گا۔قائد وبانی سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری ؒ کے قاتلوں کی گرفتاری خوش آئند ہے، قائد وبانی سنی تحریک شہید محمد سلیم قادری کے قاتلوں کو قانونی طور پر منطقی انجام تک دیکھنا چاہتے ہیں ۔وفاقی حکومت اپنی ناقص کارکردگی اورحکمت عملی کی بناءپر دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو ضائع کرنے پر تلی ہوئی ہے۔قانون ناموس رسالت ﷺمیں ترامیم کی کوشش معاشرے کو ایک خوفناک تصادم کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے، برما، شام، کشمیر اورفلسطین میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم 2ارب مسلمانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں،حلب اور روہنگیا میں ہونے والی تباہی کوروکا نہ گیاتو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی، مسلم فوجی اتحاد میں تمام اسلامی ممالک کو شامل کیا جائے، فوجی اتحاد 39نہیں 57ممالک کا بننا چاہیے، پاکستان کی مذہبی جماعتیں ایران اورسعودی حکومتوں کی بجائے پاکستان کی وفادار بنیں، بلوچ عوام میں علیحدگی کی کسی تحریک کا وجود نہیں، حصول آزادی کی تحریک میں کشمیری بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے 5فروری کو ملک گیریوم یکجہتی کشمیرمنائیں گے۔ آئندہ انتخابات میں میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، پاکستان سنی تحریک ملک بھر کی نشستوں سے بھرپورحصہ لے گی اور ملک بھر میں اہلسنت ایک نام سے الیکشن لڑے گی۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پانامہ لیکس کا مقدمہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے میرٹ پر فیصلے سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ کرپشن اور چائنہ کٹنگ کا حصہ نہیں ہیں اگریہی وجہ ہے تو ہم آئندہ بھی یہی گناہ کرتے رہیں گے۔ کانفرنس سے علامہ ڈاکٹر آصف اشرف جلالی، صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر، شاہ اویس نورانی، محمد حنیف طیب، لاہور کے رضائے مصطفی نقشبندی، علامہ سید مظفر شاہ ، محمد شاہد غوری، حاجی ،علامہ ریحان امجد نعمانی،صاحبزادہ انتصار المصطفی اعظمی نوری، پیر سید عظمت علی شاہ ہمدانی، مولانا ابرار احمد رحمانی، مفتی محمد جان نعیمی، پیر صوفی جمیل الرحمان خانی،پیر سید احمد علی شاہ سلفی، مفتی غلام دستگیر افغانی، مفتی تاج الدین نعیمی، خلیفہ عبدالمجید صدیقی ، علامہ نثار علی اجاگر، محمد علی جتک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سپریم کورٹ پاناماکیس کافیصلہ آنے تک وزیر اعظم کو کام کرنے سے روکے،پانامہ لیکس نے حکومت کی کشتی میں بڑاسوراخ کر دیاہے،حکومتی کشتی کرپشن کے سمندر میںغرق ہونے والی ہے اور اب قوم کو عدلیہ کے فیصلے کی انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سیاسی،مذہبی اورفکری سہوت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی ناگزیرہو چکی ہے،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کالعد م تنظیموں کا دفاع کرنے کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی مخالفت کرنے والے دہشت گردوں کو بچانا چاہتے ہیں، دہشتگردی کے ایشو پر سیاست نہیں ہو نی چاہیے، فوجی عدالتوں کے خاتمے سے دہشتگردوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکی و مغربی دباؤ پر پاکستان کے اسلامی تشخص کو مسخ اور آئین کی اسلامی شقیں ختم نہیں کرنے دینگے، قانون ناموس رسالت ﷺمیں ترامیم کی کوشش معاشرے کو ایک خوفناک تصادم کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے،حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ قانون ناموس رسالت کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی گئی توپھرحالات کنڑول کرنا مشکل ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں، مگر توہین رسالت ﷺ کسی صورت برداشت نہیں سکتے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلوچستان کی بد امنی اورگوادر پورٹ کے خلاف سازشوں میں افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے ملوث ہیں۔انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے کشمیر کمیٹی کو عضوِ معطل بنا رکھا ہے، قومی کشمیرکمیٹی کی چیئرمین شپ تبدیل کرکے اسے کسی اہل شخص کے سپردکیا جائے۔
تازہ ترین