• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیض احمد فیض کو غالب سے خصوصی لگائو تھا، ڈاکٹر نعمان الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ممتاز اسکالر، ڈاکٹر نعمان الحق نے کہا ہے کہ غالب نے شاعری میں مصوری کی ہے، ان کی شاعری میں جمالیات، ساتھ ساتھ چلتی ہے، غالب کی صورت گری نے مجھے بے حد متاثر کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے مرزا اسداللہ خان غالب کی برسی اور فیض احمد فیض کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرٹس کونسل کے صدر سید محمد احمد شاہ نے ابتدائی کلمات ادا کیے۔ ضیاء محی الدین نے مرزا غالب اور فیض احمد فیض کا کلام اپنے مخصوص انداز میں پیش کرکے محفل لوٹ لی۔ ڈاکٹر نعمان الحق نے کہا کہ غالب نے زندگی کے تجربات سے آفاقیت کشید کی، ان کے شعروں میں گہری معنویت پائی جاتی ہے۔ ان کے ہر مصرعے کی تہہ میں آوازوں کی ایک دنیا آباد ہے، بلاشبہ غالب ایک زندہ شاعر ہے جو ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں پر حکمرانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیض احمد فیض کو مرزا غالب سے خصوصی لگائو تھا۔ دونوں کی شاعری میں زندگی رواں دواں دکھائی دیتی ہے۔ وہ غالب سے اس درجہ متاثر تھے کہ انہوں نے اپنی کئی کتابوں کے نام غالب کے مصرعوں سے لیے، فیض صاحب کی مشہور چیزوں پر غالب کی گہری چھاپ نظر آتی ہے۔ تقریب سے سید محمد احمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین