• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈس اسپتال میں پیڈیاٹرک آئی سی یو کا افتتاح،بچوں کا مفت علاج کیا جائے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت جاپان کے تعاون سے انڈس اسپتال میںپیڈیاٹرک آئی سی یو کا افتتاح کر دیا گیا جہاں آئندہ ماہ سے بچوں کا مفت علاج کیاجائیگااور انہیں صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ اس سلسلے میں منگل کو انڈس اسپتال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی جاپان کے کراچی میں قونصل جنرل توشی کازواسو موراتھے اس موقع پر اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان ، ڈاکٹر شیمویل اشرف ودیگر بھی موجود تھے ۔ قونصل جنرل توشی کازواسو مورانے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کےپیڈیاٹرک آئی سی یو میں جدید مشینوں کی تنصیب کیلئے تقریباً ایک کروڑ کی رقم دی گئی ہے جو جاپانی عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے ۔ حکومت جاپان کی جانب سے پاکستان میں صحت کے منصوبوں کیلئے گرانٹ دی جاتی رہتی ہے اور آئندہ بھی معاشرے کی ضرورت دیکھتے ہوئے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نےاس موقع پر حکومت جاپان اور جاپانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2024تک انڈس اسپتال میں بستروں کی تعداد 1500ہو جائیگی جس سے غریب مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہو سکیں گی ۔ قبل ازیں جاپانی قونصلیٹ کے تحت حکومت جاپان اورجاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا )کی جانب سے چلائے جانے والے صحت کے منصوبوں سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دی گئی ۔
تازہ ترین