• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
٭٭٭
رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے: سازشوں سے آگاہ ہیں، اشتعال انگیزی کا بھارت کو بھرپور جواب ملے گا، کل بھوشن کیس منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
یوں تو پاکستان بھارت قریبی ہمسائے ہیں، دونوں کی کئی چیزیں مشترک ہیں، البتہ دونوں کی یاری بچھو اور کچھوے کی ہے، دونوں کی اپنی مجبوریاں ہیں، مگر بھارت کی مجبوری غیر پارلیمانی ہے، اور پاکستان نے بھی اپنی مجبوری ظاہر کر دی تو وہ بیچ منجدھارے غوطے کھائے گا، پاک فوج جب جواب آل غزل دیتا ہے تو کچھ عرصہ بھارت اپنا منہ سینکتا رہتا ہے جونہی سوجن اترتی ہے پھر کچھوے کی ڈھال پر ڈنک مارتا ہے، بھلا ڈھال کو کیا اس پر تو گولی اثر ہی نہیں کرتی، بھارت جس مار پر ہے اور جو اس کے پیچھے کھڑے ہیں، سبھی مایوس ہوں گے، سی پیک تو بن کے رہے گا، اور یہ جو دہشت گردوں کو پاکستان پر مسلط کر رکھا ہے یہ بالآخر بھارت ہی اپنی جیکٹ بنا لیں گے، وہ تو جائے گا ساتھ اپنے سرپرست کو بھی ایسا انجام دکھائے گا کہ گنگا میں بہانے کو اس کی راکھ بھی دستیاب نہ ہو گی، آرمی چیف نے ضرب عضب کو جس انداز میں مہمیز کیا ہے، اب بھارتی ایجنسیوں اور ان کے ساتھ نتھی قوتوں کو منہ کی کھانی پڑے گی، کل بھوشن ہمارے پاس ہے تو بھارت کے پورے نیٹ ورک کی گویا اصل کاپی ہماری تحویل میں ہے، پاکستان کو کوئی ایسا مسئلہ درپیش نہیں جسے وہ حل نہ کر سکے مگر بھارت کا حشر ایسا ہو سکتا ہے بقول میرؔ؎
جاویں گے ایسے کھوج بھی پایا نہ جائے گا
بہتر تو ہے کہ بھارت، کھیڑوں کی یاری میں اپنا آپ نہ کھوئے، اپنے غریب عوام کے لئے سوچے پاکستان دشمنی کی بنا پر اقتدار حاصل کرنے کا ڈھونگ بند کرے۔
٭٭٭٭
ملاوٹ ہی ملاوٹ ہے کدھر جائیں!
سارے ادارے ٹیلیفون لائنوں کی طرح مصروف ہیں، اور ملاوٹ ہے کہ بڑھتی جا رہی ہے کوئی فارغ ہی نہیں کہ اس کا گلا گھونٹے؎
ملاوٹ کرنے والے کم نہ ہوں گے
تری محفل میں کب ستم نہ ہوں گے
اور تو اور مچھروں کی بھی چاندی ہو گئی، میٹ لگائو، خوشبو نکلتی ہے، مچھر کی موت نہیں نکلتی ہم کسی ایک کی بات نہیں کرتے ہر برانڈ کا مچھر مار میٹ مچھر کے دل و دماغ کو معطر کرتا ہے، اور وہ بہت ناز سے اطمینان سے عوام کے خون کے نمونے حاصل کرتا ہے یہ عمل تا سحر جاری رہتا ہے، پھر شفٹ بدلتی ہے اور سارا دن مکھیاں ہماری سکھیاں بن جاتی ہیں ہم تو مچھر کش میٹ بنانے والوں کو مشورہ دینے والے تھے کہ وہ مکھی مار میٹ بھی متعارف کرائیں لیکن دو نمبر میٹ کی فراوانی دیکھ کر اپنی تجویز اپنے پاس اپنا سا منہ لے کر بیٹھ گئے، کہ اس قوم کو ’’کوئی اچھا شعر سنائیں کیا‘‘ میری اپنی تحقیق و تجربے کے مطابق میرے علاقے میں ایک بابا ہے جو خالص دودھ دہی بیچتا ہے، مجھ سے کہنے لگا بائو جی میرا دہی خریدنے لوگ دور دور سے آتے ہیں، بابے نے باقاعدہ ایک دودھ میں ملاوٹ چیک کرنے والا آلہ بھی رکھا ہوا ہے جو گوالا بھی اسے دودھ دینے آتا ہے وہ پہلے اس کا دودھ اپنی لیبارٹری میں چیک کرتا ہے، اگر تسلی ہو تو خرید کر گاہکوں کو دیتا ورنہ نہیں، اس کے دہی میں ایک ایسی لذت ہے کہ کھاتے ہی چودہ طبق روشن ہو جاتے ہیں، گوشت سے لے کر پوست تک ملاوٹ ہی ملاوٹ ہے، نہ جانے کیوں اپنوں کو پرایوں کو صرف ہم ہی سے عداوت ہی عداوت ہے کسی نے کہا ہے؎
تو نے بلبل سے جب سے دو تنکے لئے
ٹوٹتی ہیں بجلیاں ان کے لئے
٭٭٭٭
اللہ جانے کیا ہو گا آگے
بعض اوقات دنیا میں کچھ افسوسناک واقعات کچھ اس انداز سے واقع ہوتے ہیں کہ آنسوئوں کے ساتھ منہ سے ہنسی بھی نکل جاتی ہے، ہم دور کیا جائیں اپنے ہی ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، کاش نہ ہوتا، ایک کہتا ہے ادارے صحیح کام کرتے تو یوں نہ ہوتا کہ؎
یہ عالم قوم کا دیکھا نہ جائے
تو جن ہے یا پری دیکھا نہ جائے
ہمارے ہاں شر نے جو شرارتیں کرنا تھیں کر چکا اب خیر، خیر سے پائپ لائن میں ہے، ٹونٹی کھول کے بیٹھے ہیں کہ کب کیا نکلے، نکلے سے پھر غالب نے پذیرائی کی اور روح تک آ گئی تاثیرمہنگائی کی، بہرحال مرزا نوشہ فرماتے ہیں؎
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
بہت نکلے مرے ارماں لیکن پھر بھی کم نکلے
ہمارے معاشرے سے سکون قلب و نظر نکل رہا ہے، دردِ جگر شوق دربدر داخل ہو رہا ہے، حالات کو ایک ایسے ایفل ٹاور پر چڑھا دیا گیا ہے کہ جیسے تنگ آ کر کوئی بجلی کے کھمبے پر چڑھ جائے، بہرحال فکر کرنے کی ضرورت نہیں صرف سی پیک ہی منڈے چڑھ جائے تو ہمارے تمہارے دن پھر جائیں۔ سنا ہے سی پیک، دشمنوں کے لئے پیام اجل ہے اسی لئے تو پاکستان کے خلاف خون آشام ہلچل ہے، ہمارے اپنے دانشوران ہیچ مدان سیاستدان حکمران اور حملہ دان و نادان کو بھی معلوم نہیں کہ ہو گا کیا اونٹ کی کروٹ کوئی کیا جانے۔
٭٭٭٭
پھول کانٹے اور باغبان
O۔شیخ رشید:حکومت دنیا بھر میں لابنگ کر رہی ہے، آپ کے ہاتھ کس نے باندھ رکھے ہیں،
O۔پاکستانی گلوکار ابرار الحق کا نام امریکہ نے امریکی ویزا کی بلیک لسٹ میں ڈال دیا، کیا امریکہ کے پاس کوئی وائٹ لسٹ بھی ہے؟
O۔ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم برقرار۔ وزارت داخلہ اتنی بھی باذوق نہ بنے اب جانے بھی دے،
O۔خورشید شاہ:دوسرے ملکوں کی سرحدوں کا احترام کیا جائے، ہمارے ملک کی سرحدیں کیا غیر محترم ہیں،
O۔سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کا اینٹی کرپشن عملے پر تشدد، ساتھی ملزم چھڑا لیا۔ یہ ڈاکٹر گردی کب اور کیسے ختم ہو گی؟

.
تازہ ترین