اسلام آباد (صالح ظافر) سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف اور ان کی اہلیہ کو سعودی عرب کا تین سال کا ملٹی پل ویزا جاری کر دیا ہے۔ ممکنہ طور پر وہ پاکستان کے پہلی نجی شخصیت ہیں جنہیں 10؍ سال بعد پہلی مرتبہ یہ سہولت جاری کی گئی ہے۔ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ یہ غیر معمولی پیشرفت اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ جنرل راحیل شریف نے اسلامی فوجی اتحاد (آئی ایم اے) کی کمان سنبھالنے کی پیشکش قبول کر لی ہے اور چارج سنبھال لیا ہے۔ یہ اتحاد 15؍ دسمبر 2015ء کو سعودی وزیر دفاع اور دوسرے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود نے قائم کیا تھا۔ جنرل راحیل شریف سعودی دارالحکومت ریاض میں رہیں گے جہاں اس اتحاد کا مشترکہ آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ جس وقت یہ اتحاد قائم کیا گیا تھا اُس وقت اِس کے 34؍ ارکان تھے اور یہ تعداد اب اومان کی شرکت کے ساتھ 41؍ تک جا پہنچی ہے۔ جنرل راحیل شریف اس اتحاد کے بانی کمانڈر انچیف ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی یہ عہدہ قبول کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اُن کے بچوں کو بھی تین ماہ کا ملٹی پل ویزا جاری کیا گیا ہے۔