• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارونجھر پہاڑ کے دامن میں ایک روزہ پارکر فیسٹیول کا انعقاد،صوبائی وزیر نے عجائب گھر بنانے کا عندیہ دے دیا

اسلام کوٹ (نامہ نگار )تھر کی سرحدی تحصیل نگر پارکر کے کارونجھر پہاڑ کے دامن میں ایک روزہ پارکر فیسٹیول گذشتہ رات گئے تک جاری رہا جس میں صدیوں پرانی پارکری ثقافت کو اجاگر کیا گیا ۔پارکر کی بیل گاڑی ،مخصوص گھروں کے ماڈلز ،مٹی کے برتنوں ،مور کے پنکھوں سے بنے ہوئے ہوائی پنکھو ں،جڑی بوٹیوں ،ہاتھ کے رنگین کنگن سمیت تھری گاڑی کھیکھڑے کے ماڈلز ایک نئے تھر کی دلکش تصویر پیش کر رہے تھے ۔ساتھ ہی پارکر کی رہن سہن کی عمدہ منظر کشی کی گئی تھی ۔حالات و واقعات اور تھر کے مرد و خواتین کسان اور چرواہوں کے تمام تر کام کو فخریہ انداز میں پیش کرنے سے تھر ی لوگوں کی خوشی بھی دوبالا ہو گئی  کہ تھر کے دیہات سمیت شہروں سے آنے والے لوگ ان کو دیکھتے ہی رہ گئے۔تھر اور پارکر میلے کی رنگ برنگی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار شاہ نے کہا کہ تھر میں ہاتھ کے ہنر کو محفوظ رکھنے کے لئے عجائب گھر تعمیر کئے جائیں گے۔نگرپارکر اور مٹھی میں جلد ہی میوزیم کی بنیاد رکھی جائے گی۔جس میں تھر کے ہر گاؤں میں ہاتھ سے بننے والی اشیاء کو رکھا جائے گا تاکہ یہ تمام تر چیزیں ہمیشہ کے لئے تاریخ کا حصہ بن سکیں۔ نگرپارکر کے کرونجھر پہاڑ میں چیئر لفٹ سمیت تفریحی مقامات کو ترقی دی جائے گی۔جس میں چینی ماہرین سے بھی مدد لی جائے گی ۔تھر میں جتنے زیادہ سیاح آئیں گے اتنا ہی  ثقافت  اجاگر ہو گی اور علاقہ میں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔تھر کے گلوکاروں کو کبھی نہیں بھولا جائے گا۔ان کی ہر ممکن مدد کر کے حوصلہ دیا جائے گا۔میلے میں پی  پی ایم پی اے مہیش کمار ملانی ،ضلعی چیئر مین غلام حیدر سمیجو سمیت این جی اوز ہینڈز ،تھر دیپ ،پی وی ڈی پی اور دیگر کے نمائندگان نے اعزای طور پر اپنا کردار ادا کیا ۔
تازہ ترین