• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا طوفانی دورہ سندھ سرکردہ افراد سے ملاقاتیں، راحیلہ مگسی کی اقامت گاہ پر ظہرانہ

حیدرآباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) وزیراعظم نواز شریف نے پیر کوسندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کا ایک روزہ طوفانی دورہ کیا جس میں انہوں نے زندگی کےمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں سندھ کے سابق گورنر و وزیراعلیٰ ممتاز علی بھٹو، شفیع جاموٹ، سید علی ظفر شاہ، غوث بخش میہڑ، حیدرآباد کے میئر و ڈپٹی میئر اور ارکان قومی اسمبلی شامل تھے۔ گورنر سندھ محمد زبیر عمر، وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، میر حاصل خان بزنجو، سیاسی امور کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف سعید کرمانی، سینیٹر ڈاکٹر راحیلہ مگسی، سینیٹر جنرل ملک عبدالقیویم بھی وزیراعظم کے ہمرکاب تھے۔ سینیٹر راحیلہ مگسی نے اپنی اقامت گاہ پر وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں سینیٹر سلیم ضیاءاور سینیٹر نہال ہاشمی نے بھی شرکت کی۔قاسم آڈیٹوریم کی وسیع و عریض تقریب گاہ میں وزیراعظم نواز شریف نے اپنی پاکستان مسلم لیگ نون کے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا جس میں مسلم لیگی کارکن اپنی پارٹی کے سربراہ نواز شریف کو دیکھ کر وفور مسرت سے بے قابو ہوگئے انہوں نے پرجوش لہجے میں نعرے لگائے ’’دیکھودیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا‘‘۔ اس دوران پاکستان کی حمایت میں تواتر سے نعرہ بازی ہوتی رہی ایک نعرہ تھا کہ ’’چاروں صوبوں کی آواز میاں نواز میاں نواز‘‘ تقریب کی ابتدا میں ہی میزبان کے صاحبزادے نے وزیراعظم نواز شریف ان کے رفقا کو بیش قیمت سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی۔ میاں تیرے جاں نثار بے شمار بے شمار کانعرہ بار بار لگ رہا تھا تو وزیراعظم نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ آج جس جوش اور جذبے کا مشاہدہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی اس پر ستائش کے لئے میرے پاس خاطر خواہ الفاظ بھی نہیں دل کی گہرائوں سے سلام پیش کرتا ہوں میرا سلام قبول کیجئے۔ نوجوانوں کی ایک ٹولی نے کورس کے انداز میں گانا شروع کردیا کہ ’’وی لو یو نواز شریف‘‘ وزیراعظم نے بتایا کہ جب میں جلسہ گاہ آرہا تھا تو بڑی تعداد میں کارکنوں اور شہریوں کو واپس جاتے دیکھا جو جگہ کی کمیابی کے باعث ہماری بات سنے بغیر چلے گئے میں ان سے صدق دل کے ساتھ معذرت خواہ ہوں آئندہ جلد حیدرآباد آئوں گا تو ان دوستوں سے بھی ملاقات کروں گا اورا ن سے دل کی باتیں کروں گا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے حیدرآباد ہی جیسا جذبہ قبل ازیں بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب میں بھی دیکھا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تبدیل ہورہا ہے بفضل تعالیٰ نیا پاکستان بن ر ہا ہے۔ انہوں نے اس امید افزائی کا اظہار کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے ملک کی کایا پلٹ جائے گی کوئی بے روزگار اور مفلس نہیں رہے گا۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے موجودہ صوبائی حکمرانوں سے دریافت کریں کہ حیدرآباد کو کھنڈر کیوں بنادیا گیا، سڑکیں کیوں شکستہ حال ہیں، پینے کا صاف پانی کیوں دستیاب نہیں ہے۔ کراچی میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر کیوں لگ گئے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے انکشاف کیا کہ لاہور میں اپنی تعلیم مکمل کرکے وہ کراچی میں چار ماہ کے ایک تربیتی کورس کے لئے رکے تھے اس وقت کراچی امن و سکون کا گہوارہ تھا آج یہ مجبور لوگوں کا شہر بن کر رہ گیا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار اور کاروباری افراد جو قبل ازیں کراچی نہیں آئے تھے اور دبئی میں اجلاس منعقد کرتے تھے اب دوبارہ کراچی میں آکر بات چیت کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت 13ء کے بعد ہنگامی اقدامات نہ کرتی تو ملک کی اقتصادی اور معاشی حالت دگرگوں ہوجاتی۔  وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ موٹر وے جلد کراچی کو پشاور سے ملادے گی جس کے بعد آپ فجر کی نماز پڑھ کر سفر شروع کریں اور عشاء پشاور میں ادا کریں انہوں نے تمثیلاً بتایا کہ کراچی /حیدرآباد میں ناشتہ کریں، سہ پہر کی چائے لاہور میں پئیں، رات کا کھانا اسلام آباد میں تناول کریں اور عشاء کی نماز پشاور میں ادا کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان پانچ سال میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوجائے گا۔ حیدرآباد کے جن مسائل کی نشاندہی راحیلہ مگسی نے کی تھی وزیراعظم نواز شریف نے دریا دلی سے تمام مطالبات تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ازراہ تفنن حیدرآباد میں یونیورسٹی بنانے کے لئے شرکاء سے دو مرتبہ تائید حاصل کی اور ریفرنڈم کرایا انہوں نے پہلے یونیورسٹی کے حامیوں سے ہاتھ بلند کرائے اور پھر اس کے مخالفین سے کہا کہ وہ ہاتھ بلند کریں اس پر کوئی ہاتھ نہ اٹھا تو وزیراعظم نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی منظور کی جاتی ہے جس کے لئے انہوں نے ایک سو ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیہ حیدرآباد سے ان سے کسی رقم کا تقاضا نہیں کیا تاہم اس کے لئے بھی پچاس کروڑ کی امداد کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ وہ جو بھی اعلان کرتے ہیں اسے پورا کرکے دکھاتے ہیں۔ نواز شریف ازحد مسرور اور مطمئن دکھائی دے رہے تھے قبل ازیں وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے جذباتی لہجے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زرداریوں نے دس سال میں سندھ کے شہروں اور دیہات کو کھنڈر بنا ڈالا ہے انہوں نے کہا کہ ببر شیر آگیا ہے یہی وجہ ہے کہ گیدڑ بھاگ رہے ہیں۔
تازہ ترین