• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوز لیکس رپورٹ کا انتظار کریں، ذرائع کی خبریں بند ہونی چاہئیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد  (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ اپوزیشن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف سے خوفزدہ ہے، وہ اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے مریم نوازشریف کا نام نیوز لیکس کے معاملے سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم کی بیٹی کیخلاف بے بنیاد الزامات پر مبنی بیان بازی کا مقصد ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ منگل کو پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں چائنہ کلچر سینٹر کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی کیخلاف بے بنیاد الزامات پر مبنی بیان بازی کا مقصد ان کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے تاہم سپریم کورٹ نے مریم نواز کو وزیراعظم کے زیر کفالت اور لندن اراضی کی مالک ہونے کے پاکستان تحریک انصاف کے دعویٰ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ، میڈیا نیوز لیکس کی باضابطہ رپورٹ کا انتظار کرے اور ذرائع کی خبریں بند ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاناما فیصلے سے مایوس ہو کر نیوز لیکس پر سیاست کرنا چاہ رہی ہے، ناکامی اور مایوسی اپوزیشن کا مقدر ہے اور نیوز لیکس کے معاملے پر انہیں اسی ناکامی اور مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔  انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے جے آئی ٹی کے بارے میں اپوزیشن کے تاثر کو دور کرنے کیلئے بیان جاری کیا، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اب الزامات کی سیا ست کو ختم ہونا چاہئے۔علاوہ ازیں عرفان صدیقی کے مطابق مریم اورنگزیب نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ  بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں ملک سے ان کی محبت لازوال ہے میاں نواز شریف کی حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مایوس نہیں کرے گی  ۔ مریم اورنگزیب نے پاناما کیس پر دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے میاں نواز شریف کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اوورسیز کے کار کنا ن سمیت پوری بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی باشعور پاکستانیوں پر مشتمل ہے انکی جانب سے وزیر اعظم کی حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت سازش کی جارہی ہے۔
تازہ ترین