• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت دولت مشترکہ ممالک سے مضبوط تجارتی تعلقات قائم کریں گے، نومنتخب میئر ویسٹ مڈلینڈز کمبائنڈ اتھارٹی

والسال (ابرار مغل) ویسٹ مڈلینڈ کمبائنڈ اتھارٹی کے لئے نو منتخب میئر اینڈی سٹریٹ نے والسال میں مسلم کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدے اور پارٹی منشور کے مطابق ویسٹ مڈلینڈ کو معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط بنانے کے لئے پاکستان سمیت دولت مشترکہ ممالک سے مضبوط تجارتی مراسم قائم کئے جائیں گے۔ پاکستان مسلم کمیونٹی سمیت تمام طبقات اور مکاتب فکر کو ساتھ رکھ کر ویسٹ مڈلینڈ کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔ پورے ویسٹ مڈلینڈ میں بلا امتیاز اپنے وعدوں کے مطابق مختلف منصوبوں کو شروع کرکے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جائے گا۔ والسال کی برٹش پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اینڈی اسٹریٹ نے مزید کہا کہ میری کامیابی میں مسلم کمیونٹی کا کردار نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ مسلم کمیونٹی کنزرویٹو پارٹی کے ذریعے ویسٹ مڈلینڈز میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس استقبالیہ تقریب کا اہتمام والسال سے سینئر کونسلر محمد عارف، حاجی محمد اعظم، نسرین اختر، غضنفر علی، ثاقب بھٹی، محمد یٰسین، امر یعقوب اور دیگر نے کیا تھا۔ تقریب سے اینڈی اسٹریٹ کے علاوہ میزبان کونسلر محمد عارف سمیت والسال سائوتھ سے کنزرویٹو امیدوار پارلیمنٹ جیمس بررڈز، والسال نارتھ سے امیدوار کونسلر ایڈی ہگز نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اینڈی اسٹریٹ کو ویسٹ مڈلینڈ کا پہلا میئر منتخب ہونے پر مبارک باد اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اینڈی اسٹریٹ جیسا مضبوط اور مدبر شخص ہی اس سب سےبڑی لوکل اتھارٹی کو بہتر اور منظم انداز میں چلا سکے گا۔ کونسلر محمد عارف نے کہا کہ اینڈی اسٹریٹ کی کامیابی سے نہ صرف کاروباری طبقہ بلکہ عام آدمی بھی مستفید ہوگا کیونکہ اینڈی اسٹریٹ کے پاس ہی بہترین اور جامع پروگرام ہے۔ مختلف مقررین نے کہا کہ لیبر پارٹی کے پاس کوئی منظم اور فعال پروگرام نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے کنزرویٹو عوام میں بے پناہ مقبولیت پکڑ رہی ہے۔ تقریب آمد پر پہلے منتخب میئر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ کمیٹی مشتاق احمد، امبر یعقوب محمد اعظم، محمد افضل، عضنفر علی، محمد یٰسین، احسان فاضل، نسرین اختر، عمران اعظم اور کامران آفتاب نے پھول پیش کرکے اینڈی اسٹریٹ کی کامیابی کو سراہا۔ تقریب میں والسال، ولورہمپٹن، ڈڈلی اور برمنگھم سے نمایاں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ آخر میں اینڈی اسٹریٹ کی شاندار کامیابی پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے کیک بھی کاٹا گیا۔
تازہ ترین