| |
Home Page
جمعرات 28 محرم الحرام 1439ھ 19 اکتوبر 2017ء
June 19, 2017 | 12:00 am
فتح حق وسچ کی ہوگی‘قوم کو عیدبعد خوشخبری ملنے والی ہے‘عمران

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہےکہ قطری شہزادے کا خط مکمل فراڈ ہے‘ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر انعام الرحمن کے پاس شریف خاندان کی کرپشن سے متعلق بہت ثبوت موجودہیں‘جے آئی ٹی انعام الرحمٰن کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرے‘کرپٹ مافیا ایک طرف پوری قوم دوسری طرف ہے‘عید کے بعد قوم کو خوشخبری ملنے والی ہے‘قوم کرپٹ مافیا کا احتساب چاہتی ہے اور انصاف کی منتظر ہے‘فتح حق وسچ کی ہوگی‘قوم کو کرپٹ مافیا اور کرپشن  میں ملوث سیاستدانوں سے جلدنجات ملے گی۔ اتوار کو کراچی ائیرپورٹ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے پچھلے دنوں کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر نہ ہونے کی وجہ سے قوم مایوس تھی لیکن اب پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آج بہترین کا رکردگی کامظاہرہ کیا ہے‘میں ان کو مبارکباد دیتا ہوں‘انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر کو طلب کرے اس کے پاس شریف خاندان کی کرپشن کے مضبوط ثبوت موجود ہیں‘ منی ٹریل قطری نے نہیں کی ہے‘اس میں شریف خاندان ملوث ہے ‘اس حوالے سے اسحقٰ ڈار کا بیان ریکارڈ پر ہے۔قطری کبھی بیان ریکارڈ کرانے پاکستان نہیں آئے گا‘ ملک میں ایک ہی الائنس ہے جو کرپٹ مافیا کے خلاف ہے‘انھوں نے کہا کہ فتح حق وسچ کی ہوگی اور جلد کرپٹ مافیا اور کرپشن میں ملوث سیاست دانوں سے قوم کو نجات ملے گی ۔ بعدازاں کراچی کے مقامی ہوٹل میں شوکت خانم کینسر اسپتال کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا ہے کہ شوکت خانم کینسراسپتال میں 75فیصد غریب مریضوں کا مفت علاج ہوتاہے‘اب تک 27ارب روپے غریب مریضوں کے مفت علاج پر خرچ ہو چکے ہیں ‘اس کا کریڈٹ پوری پاکستانی قوم کو جاتا ہے کیونکہ اسپتال کو سب سے زیادہ ڈونیشن پاکستانی قوم دیتی ہے‘ افطار ڈنر کے دوران آدھے گھنٹے کے دوران شوکت خانم کینسر اسپتال کو 17کروڑ روپے ڈونیشن ملی جس پر چیئرمین عمران خان نے کراچی کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر نے شوکت خانم اسپتال کے لئے ڈونیشن کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ سب سے پہلے چیمپئن ٹرافی کا فائنل جیتنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘جو قومیں اپنی عزت نہیں کرتیں دنیا میں کوئی بھی ان کی عزت نہیں کرتا۔اگر ہمیں اپنے آپ کو ترقی یافتہ بنانا ہے اوردنیا میں با عزت مقام پانا ہے تو ہمیں دیانتدار اور ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو دنیا کے سامنے اپنے ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے لئے بات کر سکے۔دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ شریف برادران آصف علی زرداری کے ساتھ ملکر ملک کو لوٹتے ہیں ‘دبئی میں محلات بنائے جارہے ہیں‘ لیڈر ارب پتی بن گئے اور عوام صاف پانی اور بنیادی سہولتوں کو ترس رہے ہیں‘باریاں لینے والے کرپشن اور چائنا کٹنگ کرتے ہیں‘اقتدار میں آکر ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں ڈالیں گے‘اتوار کو کراچی کے علاقے اعظم بستی سو فٹ روڑپرپی ٹی آئی کے امیدوار انجینئر نجیب ہارون کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں حلقہ پی ایس 114کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس الیکشن کو ان کرپٹ ، نا اہل، بھتہ خوراور چور حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم بنا دیں‘ ان مفاد پرست اور موقع پرست سیاسی جماعتوں سے اب جان چھڑانے کا بہترین موقع ہے‘کرپٹ حکمران آپ کا لوٹا ہوا پیسہ ملک سے باہر لے جا کر کبھی سوئس بینک میں تو کبھی پاناما میں چھپاتے ہیں ‘شریف فیملی اور زرداری گروپ سکے کےدو رخ ہیں‘ ان ڈاکوئوں اور سیاسی مافیا کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا‘بہت جلد نواز شریف اور شہباز شریف اڈیالا جیل میں ہوں گے اور اس کے بعد ان میں بھی بڑے بڑے ڈاکوئوں کی باری آنے والی ہے ‘جب میں ڈیزل کہتا ہوں تو مولانا فضل الرحمن اپنی زبان پرآتا ہے۔میاں اور زرداری دونوں ڈاکو ہیں ان ڈاکوؤں کے خلاف بھی جلد تحریک انصاف اپنی جنگ جیتے گی ۔