• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی حکومت اپنی ویزہ پالیسی پر نظرثانی کرے،عبداللہ ذکی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سوپ مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عبداللہ ذکی نے چین کا ویزہ حاصل کرنے کے پیچیدہ طریقہ کار پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے ویزے کی توثیق کو بمشکل 3 ماہ تک محدود کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی تاجرو صنعتکار برادری کو کئی مواقع پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہذا انہوں نے چین کی حکومت سے درخواست کی کہ وہ اپنی ویزہ پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستانی تاجروصنعتکار برادری کو کم از کم ایک سال کا ملٹی پل ویزہ جاری کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کرے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی تاجر برادری بہترین تجارتی تعلقات سے لطف اندوز ہو ر ہی ہیں جس کی وجہ سے دو نوں دوستانہ ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں کافی اضافہ ہوا ہے لیکن پاکستانی تاجروصنعتکار برادری کو 3 ماہ کی محدود مدت کے لیے چینی ویزے جارے کیے جانے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے جسے کم از کم ایک سال کی مدت تک بڑھانا چاہیے جبکہ ویزے کے حصول کے پیچیدہ طریقہ کار کو بھی سہل بنایا جائے اور اگر ایسا کردیا گیا تو تجارتی حجم یقینی طور پر پچھلے تمام ریکارڈز کو توڑتے ہوئے نئی بلندیوں پر پہنچ جائے گا۔

تازہ ترین