• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلڈ لائٹ ہاکی: سینٹرل کو شکست ،ڈسٹرکٹ ملیرچیمپئن شپ کا فاتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ملیر نے اولمپئن شہباز 5اے سائیڈ انٹرڈسٹرکٹ فلڈ لائٹ ہاکی چیمپئن شپ جیت لی،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی ہاکی کمپلیکس گلشن اقبال میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کو سڈن ڈیتھ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ فائنل مقررہ وقت تک 10-10گول سے برابر تھا جبکہ فاضل وقت میں بھی مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا ،جس کے بعد سڈن ڈیتھ پر فاتح ٹیم کے رضوان خان نے گولڈن گول کرکے اپنی ٹیم کو چیمپئن شپ جتوادی ۔فاضل وقت میں قوانین کے مطابق پہلے پانچ کھلاڑی میدان میں اترے جس کے بعد ہر دو دو منٹ کے بعد ایک ایک کھلاڑی دونوں ٹیموں کا کم کیا جاتا رہا ۔بالآخرجب دودو کھلاڑیوں کا مقابلہ رہ گیا تب جاکر میچ کا نتیجہ سامنے آیا ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رضوان خان نے سات ،عاصم خان نے تین اور فہیم خان نے دو گول اسکور کیے جبکہ سینٹرل کی جانب سے علی حسنین نے6،ایم عمران نے دو جبکہ عمران خان ،انس صدیقی اور ابرار خان نے ایک ایک گول اسکور کیا ۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی سینٹرل کے گول کیپر اعجازاور ملیر کے عاصم خان کو 19گول کرنے پر بیسٹ اسکورر قرار دیا گیا دونوں کھلاڑیوں کو موٹر سائیکل اور نقد انعام بھی دیا گیا ۔ٹورنامنٹ کی فاتح ملیر کو ایک لاکھ روپے نقد اور رنر اپ سینٹرل کو 50ہزار روپے دیے گئے ۔اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو 25ہزار روپے کا خصوصی انعام بھی دیا گیا۔مہمان خصوصی سینیٹر تنویر الحق تھانوی نے اعزازی مہمان اظہار خان (سابقہ وزیر)اور ڈاکٹر اسما شاہ کے ہمراہ انعامات تقسیم کئے ۔گلفراز خان چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی، اعظم خان ٹورنامنٹ ڈائریکٹر، نسیم حسین، ایم فیضان اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز، عظیم خان آرگنائزنگ سیکریٹری بھی موجود تھے۔

تازہ ترین