• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے الیکٹرک نے کار پوریٹ کر کٹ کا فائنل جیت لیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کو 2رنز سے شکست دے کر چھٹا کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ 2017کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔فاتح ٹیم کو 10لاکھ اور رنر اپ کو 5لاکھ روپے کا کیش پرائز ملا ۔کے الیکٹرک کے غلام مدثر کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔انہیں 50ہزار روپے کے کیش پرائز کے علاوہ 5دن کے پیکج کے ساتھ عمرہ کا ٹکٹ بھی ملا۔مہمان خصوصی بریگیڈیئر شاہد حسن علی، ایڈمنسٹریٹر ، ڈی ایچ اے کراچی نے فائنلسٹ ٹیموں کو ونر اور رنر ٹرفی اور کیش پرائزز تقسیم کئے۔ مہمان خصوصی نے تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ معین خان اور انکی ٹیم کی جانب سے کامیاب ٹورنامنٹ کا انعقاد قابل تحسین ہے جس پر میں انہیں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کھیلوں کی ترقی اور اس کے فروغ کیلئے میرے تعاون ہمیشہ آپ کے ساتھ رہے گا۔اس موقع پر معین خان، چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی، واہب اسلم، ، میڈیا کوارڈنیٹر امیر اکرم خان ودیگر بھی موجود تھے۔ڈی ایچ اے گراؤنڈ (معین خان کرکٹ اکیڈمی) پر کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی فائنل میں مدمقابل تھیں جو بالترتیب سوئی نادرن گیس اور عمر ایسوسی ایٹس کوسیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھیں۔ لیگ میچ میں کے الیکٹرک اور سدرن گیس کا مقابلہ بھی انتہائی دلچسپ تھا جس میں کے الیکٹرک ایک رن سے فاتح قرار پائی تھی۔ کے الیکٹرک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 102رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر لگایا۔ کے الیکٹرک کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا جب 8رنز کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان 6رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ دوسری وکٹ پر عثمان خان اور سجاد ہاشمی نے 37رنز جوڑے۔عثمان خان نے 24رنز میں 2چھکے اور ایک چوکا لگایا جبکہ سجاد ہاشمی نے 13رنز کا حصہ ڈالا۔ حسن خان نے 20رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ عادل امین نے 15رنز ، ظفر غوری نے 16رنز اور اسامہ میر نے 20رنز کے عوض 2,2کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ 24رنز کے عوض ایک وکٹ عامر یامین نے حاصل کی۔سدرن گیس کی جوابی اننگز مقررہ 20اوورز میں 100رنز پر سمٹ گئی جب انکے 8کھلاڑیوں پویلین لوٹے۔سیف بنگش نے24رنز کے ساتھ بھرپور مزاحمتی اننگز کھیلی۔اویس ضیاء کے 13رنز میں 2چوکے شامل تھے۔ محمد وقاص نے 11رنز اور عمر امین نے 9رنز کی اننگز کھیلی۔ سہیل خان، محمد عرفان اور طارق ہارون اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔غلام مدثر نے شاندار بولنگ کی اور 28رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ خسدل خان نے 2رنز پر 2اور احمد بٹ نے 12رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا جبکہ ایک وکٹ فراز احمد نے 10رنز دے کر اپنے نام کی۔ایمپائرز خالد محمود اور عمران جاوید جبکہ آفیشل اسکورر سلمان اور احسان تھے۔

تازہ ترین