• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماروی میمن کو فرانس کےنیشنل آرڈ ر آف میرٹ کے ایوارڈ سے نوا زا گیا

اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی  ماروی میمن کو فرانس کے صدرعمانیول مارکون کی جانب سے نیشنل آرڈ ر آف میرٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فرانس کی سفیر مارٹن ڈورنس فرانسیسی سفارت خانے میں منعقد ہ تقریب میں یہ ایوارڈ  ماروی میمن کو پیش کیااس یوارڈکو 1962میں جنرل  ڈیگال نے فرانس جمہوریہ کی جانب سے ایک عظیم اعزاز کے طور پر متعارف کرایا جو کسی بھی غیر معمولی انفرادی شخصیت کی قدر شناسی کیلئے دیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ سے نہ صرف فرانسیسی شخصیات کو بلکہ ذہانت اور سخاوت کے حامل غیرملکی افراد کو عوامی سطح پر سراہا جانا مقصود ہے۔ نیشنل آرڈر آف میرٹ 187,000ممبران پر مشتمل ہے جس میں خواتین ممبران کی تعداد 50% ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ فرانس کے صدرکی جانب سے میرے کام کو سراہا جانا اور فرینچ نیشنل آرڈر آف میرٹ ایوارڈ کا حصول میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ ہونے پر فخر ہے، جو پاکستان اور جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑاسماجی تحفظ کا نیٹ ورک ہے۔

بی آئی ایس پی محض ایک سماجی تحفظ کا پروگرام ہی نہیں بلکہ یہ پاکستانی خواتین کی بہتری کیلئے ایک بہت بڑی سرمایہ کاری ہے،انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچپن کا ایک حصہ فرانس میں گزارا جہاں  اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی،فرانسیسی سفیر نے ماروی میمن کو مبارکباد پیش کی اور فرانس کے صدر کی جانب سے فرانس اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی حمایت کا اظہارکیا،ماروی میمن کو پاکستان کے عوام کیلئے خدمات اور فرانس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے فروغ پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا، تقریب میں  سابق سینیٹر نثار میمن، وفاقی وزراء لیفٹیننٹ جنرل  (ر)عبدالقادر بلوچ، سرتاج عزیز،  لیفٹینینٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ،  بلیغ الرحمان،  سائرہ افضل تارڑر، صدر آزاد کشمیر مسعود خان، یورپی یونین کے سفیر فرانسس کاٹین، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو ، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے شرکت کی۔      

تازہ ترین