• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر کی آزادی نواز شریف حکومت کی اولین ترجیح ہے،چوہدری رخسار

بلیک برن(مظہر اقبال چوہدری)مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر اٹھایا ہے ،کشمیر کی آزادی وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ہم حکومت برطانیہ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بہیمانہ آپریشن کو رکوائے۔

ان خیالات کا اظہار ممبر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر چودھری رخسار احمد، ممبر پارلیمنٹ برطانیہ مس کیٹ اولارن،ممبر یورپی پارلیمنٹ واجد خان اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی چودھری ندیم خادم نے بلیک برن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام بلیک برن کے کونسلرز نے کیا تھا ،مئیر بلیک برن کولن رگبی اور سابق مئیر کونسلر محمد خان نے بھی مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت برصغیر کے اس دیرینہ مسئلہ سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے لئے فریقین پر زور دیتی رہی ہے ۔

چوہدری رخسار احمد اور چودھری ندیم خادم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت نے ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لئے کوشاں ہے چنانچہ آج سب اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ موجودہ پاکستان2013کے پاکستان سے ہزار گنا بہتر پوزیشن میں ہے ،لیکن بد قسمتی سے چند اقتدار کے بھوکے اور سیاسی یتیم ان کی حکومت کو گرانے کی مذموم سازشیں کر رہے ہیں جو انشاء اللہ ناکامی سے دوچار ہوں گی ۔

چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بیشمار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ،اتنے بڑے بڑے پراجیکٹ آزاد کشمیر میں پہلی بار لگائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے خلاف جو پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ اور اپنے قائد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔

اس سے قبل تقریب کے میزبان کونسلر افتخار حسین، کونسلر شوکت حسین ، سابق مئیر کونسلر ضمیر خان ،سابق مئیر کونسلر فریاد حسین،کونسلر پرویز اختر،کونسلر تسلیم فاضل ،کونسلر قیصر محمود نے مہمانوں کا بلیک برن آمد پر شکریہ ادا کیا ،تقریب میں بلیک برن میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے نمایاں افراد نے شرکت کی جن میں چودھری خالد حسین،مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر چودھری شفیق القمر ،چودھری شوکت حسین ، ملک برکت حسین ، مرزا کوثر حسین،میر محمد افضل،چودھری خان زمان،محمد اکمل رضا شامل تھے۔

تازہ ترین