• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیکل کالجز میں داخلہ کے لئے ایٹا ٹیسٹ اختتام پذیر

پشاور (خبر نگار خصوصی )خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایٹا کے تعاون سے منعقدہ انٹری ٹیسٹ اختتام پزیر ہوگیا۔ ٹیسٹ صوبے کے پانچ مراکز پشاور،ایبٹ آباد، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بیک وقت منعقد ہواجس میں مجموعی طور پر33052 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں 20041طلباء اور13011 طالبات شامل تھیں۔ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان آ ج بروزپیر کیا جائے گا۔ خیبرمیڈیکل کالج کرکٹ گرائونڈ بالمقال ارنم ہسپتال پشاور میں6623،اسلامیہ کالجیٹ سکول گرائونڈ پشاورمیں11549طلباء وطالبات ، ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں4986 ،سیدوشریف سوات گراسی گرائونڈ میں 6747 جبکہ ڈی آئی خان کے یونیورسٹی وینسم کالج گرائونڈ میں کل3147 طلبہ نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی۔ ٹیسٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرارشد جاوید نے کہا کہ پچھلے سالوں کی نسبت رواں سال طلباء وطالبات کی تعداد میں5499 اضافے کے باوجود ٹیسٹ کاانتہائی پرامن او رمنظم انداز میںانعقاد ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر ایٹااور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے جملہ منتظمین،امتحانی سٹاف ، پولیس ،جامعہ پشاور، اسلامیہ کالجیٹ سکول انتظامیہ اور باالخصوص طلباء وطالبات اور ان کے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقین آئندہ بھی اسی احساس اور قومی جذبے سے ایٹا ٹیسٹ کے انعقاد میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ایٹا کی جانب سے آج بروزپیر متوقع ہے جسے ایٹا اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ویب سائیٹwww.etea.edu.pk اور www.kmu.edu.pkپر دیکھاجا سکے گا۔
تازہ ترین