• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولیائے کاملین نے ہمیشہ امن و محبت کا درس دیا، پیر عرفان مشہدی

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) شریعت و طریقت کا علم بلند کرنے والی عظیم ہستی قادری سلسلہ کے مشہور ولی اللہ، بانی سلسلہ نوشائیہ مجدد اعظم حضرت سید حاجی محمد نوشہ گنج بخش قادری رحمتہ اللہ علیہ کا374واں عظیم الشان عرس زیر سرپرستی عالمی مبلغ اسلام حضرت پیر سید معروف حسین شاہ عارف نوشاہی کے منعقد ہوا۔ اس موقع پر پیر عرفان شاہ مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیا کاملین نے ہمیشہ امن و محبت کا درس دیا ہے۔ آج دنیا بھر میں قیام امن کے لیے دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

صاحبزادہ احسن شاہ شرافت نوشاہی نے کہا کہ اولیا کاملین نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔ اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اگر ایک جوان برائی سے دور ہوتا ہے تو قیامت کے دن اس کے سر پر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہوگی دور حاضر میں مختلف تہذیبوں کے درمیان نفرتوں کو ختم کرتے ہوئے بھائی چارے کی فضا قائم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ مفتی انصر القادری نے کہا کہ حضرت نوشہ گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی نسبت سے جڑی نسلوں کے لیے تبلیغ دین کی میراث بطور نمونہ چھوڑی ہے۔ آپ نے ہمیشہ خلق خدا کی اصلاح کے لیے امرباالمعروف اور نہی المنکر کی تحریک چلائی۔ وہ خانقا و حجرے تک ہی محدود نہیں رہے، بلکہ اسلامی اور انسانی خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے روحانی فیوض و فلاح عامہ کی بہبود سے لوگوں کے دلوں کو مسخر کیا۔

ابوالبیان مولانا محمد حنیف ساقی نے کہا کہ حضرت نوشہ گنج بخش کی تعلیمات سے خطہ میں اسلام کا بول بالا ہوا اور دو لاکھ ہندو آپ کے دست مبارک پر کلمہ پڑھنے پر مائل ہوئے۔ مولانا ارشد مصباحی نے کہا کہ بزرگان دین نے ہمیشہ سنت و شریعت کو مقدم رکھا اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ آج چار سو سال گزرنے کے باوجود ان بزرگوں کا ذکر جاری اور ساری ہے۔ تقریب سے قاری اسماعیل مصباحی، قاری حافظ عبدالقادر نوشاہی، عبدالقیوم الفت نوشاہی، مولانا بلال نوشاہی، قاری محمد اشرف، مولانا مقصود، عیسیٰ نوشاہی، حمزہ نوشاہی، سید کوثر نوشاہی، مولانا مفتی جمیل نوشاہی، مولانا افضل نوشاہی، مولانا محمد بشیر طاہر، مرزا فاروق، حافظ محمد سہیل نوشاہی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے پیر سید معروف حسین شاہ نوشاہی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعوت تبلیغ سے نہ صرف برطانیہ بلکہ یورپ کے لوگ بھی فیض یاب ہوئے۔

مقررین نے کہا کہ برطانوی معاشرے میں اپنے مثبت کردار سے نوجوان نسل کو بدعقیدگی اور غیر معاشرتی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہوگا۔ تقریب کے آخر میں پیر عرفان شاہ مشہدی نے امت مسلمہ اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین