اسلام آباد ( رانا غلام قادر،طاہر خلیل) نامزد عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ (ن ) کے سینئر ر ہنمائوں میں سے ہیں، 6 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔
پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999 کوجب نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹا تو وہ بھی گرفتار کئے جا نے والوں میں شامل تھے، 1988 سے 2013کے دوران شاہد خاقان عباسی کو صرف ایک مرتبہ عام انتخابات میں شکست ہوئی،1993 میں تیسری مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین کے طور پر فرائض انجام دیے، 1997 میں چوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور دو سال تک چیئرمین پی آئی اے کے طور پر خدمات انجام دیں۔
شاہد خاقا ن عباسی 2002 کے عام انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سے الیکشن ہار گئے،2003 میں نجی ائیر لائن بنائی اور پہلے چیئرمین بن کر چار سال تک عہدے پر فا ئز رہے ،بعدازاں وہ نجی ایئرلائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر بن گئے۔2008 کے عام انتخابات میں پانجویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور مختصر عرصے کیلئے وزیر تجارت اور دفاعی پیداوار رہے۔
2013 کے الیکشن میں چھٹی مرتبہ مسلم لیگ ن کی سیٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور انہیں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کا قلمدان سونپا گیا ۔ان کا شمار نواز شریف کے با ا عتماد ساتھیوں میں ہو تا ہے، 2006 میں جب نواز شریف نے بے نظیر بھٹو کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تو ان چند لیگیرہنمائوں میں شامل تھے جنہوں نے نواز شریف کی معاونت کی اور تقریب میں شرکت کی،شاہد خاقان عباسی کی سیاست کا آغاز 1988 کے خون آشام اوجڑی کیمپ کے سانحے سے ہوا۔
راولپنڈی اسلام آباد پر آتش و آہن کی بارش میں ان کے والد ایئر کموڈور خاقان عباسی جاں بحق ہو گئے تھے ۔ جو اس وقت جونیجو حکومت میں وزیر صنعت و پیدا وار تھے ۔ شاہد عباسی نے ضمنی انتخابات کے ذریعے اپنے والد کی نشت پر کامیابی حاصل کی اور سیاست میں یہ ان کی پہلی دبنگ انٹری تھی ۔
اس کے بعد 1990میں آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر کامیاب ہوئے اور مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔ بطور چیئرمین پی آئی اے انہوں نے ادارے میں دیر پا اور جامع اصلاحات نافذ کیں اور ادارے کو خسارے سے باہر لانے میں کامیابی پائی ۔ شاہد عباسی پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سب سے کم عمر وزیراعظم ہوں گے ۔ جن کی تاریخ پیدائش 27دسمبر 1958ہے، شاہد خاقان عباسی منگل کوقومی اسمبلی سے کامیابی کے بعد وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے اور صدر ممنون حسین حلف لیں گے ۔