• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلقہ 120 ،حمزہ کو ہٹا کر پرویز ملک انتخابی مہم کے انچارج مقرر

 لاہور (مانیٹرنگ سیل، این این آئی ) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے حلقہ این اے 120 کی انتخابی مہم سے اپنے بھتیجے حمزہ شہباز کو علیحدہ کرکے وزیر تجارت پرویز ملک کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیاجبکہ مسلم لیگ (ن )کے ترجمان نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ پرویز ملک اس حلقہ کے ایم این اے رہ چکے ہیں اور وہ مسلم لیگ (ن ) لاہور کے صدرہیں اسلئے انہیں یہ انتخابی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ جبکہ حمزہ شہباز شریف این اے 120کی انتخابی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ اور مشاورتی عمل میں بھی پوری طرح شامل ہیں ۔ اس سلسلے میں قیاس آرائیاں درست نہیں۔ہفتہ کونجی ٹی وی کے مطابق این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن )کی انتخابی مہم حمزہ شہباز نے چلانی تھی لیکن میاں نوازشریف نے انہیں ضمنی الیکشن کی مہم سے علیحدہ کردیا ۔ جبکہ وزیر تجارت پرویز ملک کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں نوازشریف نے شہبازشریف، حمزہ شہباز اور پرویز ملک کو جاتی امرا بلایا تھا جس میں انہوں نے پرویز ملک کو انتخابی مہم چلانے کی ذمہ داریاں سونپی تھیں تاہم اس دوران پرویز ملک نے نوازشریف سے کہا کہ حمزہ شہباز اچھی انتخابی مہم چلاتے ہیں اس لیے انہیں رکھا جائے لیکن نوازشریف نے ان کی تجویز مسترد کردی اور انہیں انتخابی مہم کا انچارج مقرر کردیا۔جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی خبر قطعی بے بنیاد ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ شریف خاندان میں اختلافات بعض سیاسی مخالفین کی خواہش ہو سکتی ہے جسے خبر کا رنگ دینا افسوسناک امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ماضی میں شریف خاندان میں نفاق کی کوشش پر وقت کے آمر کو منہ کی کھانا پڑی ۔ مسلم لیگ (ن )کے ترجمان نے کہا کہ مخالفین یاد رکھیں شریف خاندان کا اتحاد اور اتفاق مثالی ہے جسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں  نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف این اے 120کی انتخابی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ اور مشاورتی عمل میں بھی پوری طرح شامل ہیں ۔ مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز ملکر انتخابی مہم کے دوران کارکنوں میں جوش وخروش  پیدا کررہے ہیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ پرویز ملک کو مسلم لیگ (ن) لاہور کا صدر ہونے کی وجہ سے انتخابی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس سلسلے میں قیاس آرائیاں درست نہیں ۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ شریف خاندان میں دراڑ کی امید لگانے والے انشا ءاللہ خاک چاٹیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ، حمزہ شہباز اور پرویز ملک نے این اے 120 سے متعلق ہونے والے اجلاس کی صدارت کی ۔صوبائی وزیر قانو ن رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے لئے بھی وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور دوسری سینئر قیادت جتنے سکیورٹی خدشات ہیں۔ پنجاب میں جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ہیں حمزہ شہباز نے قیادت کے طور پر آخری جلسہ کیا ہے۔ اجلاس میں حمزہ شہباز نے خود این اے 120کی انتخابی مہم کے انچارج کے لئے پرویز ملک کے نام دیا اور وہ خود ہی سارے معالات کو دیکھتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کی جانب سے اس فیصلے پر حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ ایک سیاسی کارکن ہیں اورکارکن بن کر کام کریں گے۔دوسری جانب حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورائیہ کا کہنا ہے کہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران حمزہ شہباز لاہور میں ہی ہوں گے اور مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشست پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے کلثوم نواز مسلم لیگ (ن)کی امیدوار ہیں ۔ 
تازہ ترین