• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلثوم نواز کے کاغذات کی منظوری کیخلاف پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی کی اپیلیں

لاہور(خبرنگارخصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف  اور حلقہ کے متعدد ووٹروں نے این  اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے   بیگم کلثوم نواز  شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل  سے رجوع کر لیا ہے۔این اے 120 سے پیپلزپارٹی کے امید وار  فیصل میر ،تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد اور ووٹرز کی جانب سے اپیلوں  میں یہ اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس  کلثوم نواز  کے کاغذات نامزدگی کو منظور کیا ۔ فیصل میر نے اپیل میں نشاندہی کی کہ ریٹرننگ آفیسر نے کلثوم  نوازکے اقامہ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دیا ، کلثوم نواز کے نواز شریف کے زیر کفالت ہونے کے بارے  میں اعتراض کو  بھی نظر انداز کر دیا. اپیل میں دعویٰ کیا گیا کہ کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں معلومات کو چھپایا ہے اس لئےریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے جائیں.  تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کی اپیل میں کہا گیا ہےکہ  ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے میں ٹیکس  تضادات پر کوئی فیصلہ نہیں دیا  گیاجبکہ  نواز شریف کے زیر کفالت ہونے پر بھی خاموش ہے۔  ریٹرننگ آفیسر  نے ہائوس ہولڈز کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں دیا۔ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔ ووٹروں کی جانب سے راجہ عبدالرحمن ٰایڈووکیٹ  نےیہ نکتہ اٹھایا گیا  ہےکہ کاغذات نامزدگی پر بیگم کلثوم نواز شریف کے دستخط جعلی ہیں ۔ ان پردو مختلف ناموں  سے دستخطوں سے ثابت  ہوتا ہے کہ بیگم کلثوم نواز شریف نے دستخط نہیں کئے  ۔اس طرح وہ الیکشن سے پہلے ہی جھوٹی ہوگئی ہیں ،لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے ۔
تازہ ترین