• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ماہرین کی پاکستان آبی مکالمہ منصوبہ میں اعانت کیلئے تربیتی نشستیں

اسلا م آباد (آئی این پی ) امریکی محکمہ زراعت (یوایس ڈی اے) کے ماہرین پاکستان آبی مکالمہ منصوبہ (پاکستان واٹر ڈائیلاگ پروجیکٹ )میں معاونت کے لئے اس ہفتے اسلام آباد میں آبی وسائل سے متعلق تربیتی نشستیں منعقد کررہے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی وزارتوں، جامعات اور غیر سرکاری تنظیموں کے 58اعلیٰ حکام اور فنی ماہرین اِن ورکشاپس میں شرکت کررہے ہیں، جن کا اہتمام امریکی محکمہ زراعت اور خشک علاقوں میں زرعی تحقیق کے بین الاقوامی مرکز (ایکارڈا) نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

امریکی سفارتخانہ کے زرعی قونصلر ڈیوڈ ولیمز نے پہلی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آبی مکالمہ منصوبہ سے کسانوں کو زراعت کے لئے پانی کو زیادہ باکفایت انداز میں حاصل کرنے، ذخیرہ کرنے اور استعمال کرنے میں مدد ملتی ہے۔ امریکی محکمہ زراعت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون سے پانی و زمین کی حفاظت کے طریقوں اور ٹیکنالوجیز کو فروغ دیتے ہوئے واٹر شیڈ کی بحالی و آبپاشی میں بہتری کے لئے چھ برس کام کیا ہے۔

امریکی محکمہ زراعت کا یہ کام2011 میں ایکارڈا کے ساتھ شراکت میں دیہی کاشتکاروں کی مدد کے لئے ایک پانچ سالہ پروگرام سے شروع کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت چالیس آزمائشی مقامات قائم کئے گئے، ڈیڑھ لاکھ کتابچے شائع کئے گئے، 240 فارمرز فیلڈ ڈیز کا انعقاد کیا گیا اور 41 ہزار کاشتکاروں تک رسائی ممکن بنائی گئی۔ ان اقدامات کی بدولت 15سو کاشتکاروں نے پہلے ہی ایک یا اس سے زائد جدید ٹیکنالوجیز کو اختیار کرلیا ہے۔

امریکی محکمہ زراعت نے2013 سے2015 تک انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ بھی شراکت کی۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان واٹر ڈائیلاگ کا متفقہ لائحہ عمل وضع کرنے کے لئے مقامی حکام اور امریکی محکمہ زراعت کے ماہرین کو ایک جگہ جمع کیا گیا۔

تازہ ترین