• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظہر علی کو مکمل فٹ ہونے کیلئے چار سے چھ ہفتے درکار

  کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے قابل اعتماد بیٹسمین اظہر علی کی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے اظہر کی رپورٹس دیکھنے کے بعد رائے دی ہے کہ انہیں مکمل فٹ ہونے کے لئے چار سے چھ ہفتے کا وقت درکار ہوگا۔

پہلے فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا دوسرا فٹنس ٹیسٹ پاکستان ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل جمعے کو ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کے حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی نے لندن میں اپنے گھٹنے کا معائنہ کرایا تھا۔ وہ اسکین کی رپورٹس ساتھ لائے ہیں۔ پی سی بی کے ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ اظہر علی کو فٹ ہونے کے لئے ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت لگے گا۔ تاہم اظہر علی لاہور میں قومی کیمپ کے دوران بیٹنگ اور رننگ کررہے ہیں۔ تاہم انہیں سائیڈ موومنٹ اور فرنٹ فٹ پر آتے ہوئے تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ مکی آرتھر نے پی سی بی سے کہا ہے کہ اظہر علی کو ٹیم کے ساتھ بھیجا جائے۔ اس بارے میں فیصلہ بورڈ کی انتظامیہ کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مطلوبہ فٹنس ثابت کرنے کے لئے جمعے کو دوسرا ٹیسٹ دینا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم جمعرات سے دو روزہ میچ کھیل رہی ہے۔ میچ کے بعد یاسر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعے کو متوقع ہے۔ تاہم لیگ اسپنر اور پاکستانی ٹیم کے ٹرمپ کارڈ یاسر شاہ اگرفٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر سکے تو ان کے حوالے سے سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کو سخت فیصلہ کرنا ہوگا۔

تازہ ترین