معروف امریکی گلوکار و اداکار نک جونس نے انفلوئنزا اے کا شکار ہونے کے بعد مداحوں سے معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے بعد ان کی کزن اور عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس کی طبیعت ناساز ہے۔
حال ہی میں نک جونس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا اور اسٹیج پرفارمنس نہ دینے پر ان سے معافی بھی مانگ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس دینے کے لیے اچھی خبر نہیں ہے، کچھ دن قبل جب میں نیند سے بیدار ہوا تو میرے گلے میں خراش محسوس ہوئی، میری آواز بند ہوگئی اور مجھے پسینے آنے لگے، گزشتہ دو دنوں سے میری طبیعت مسلسل خراب ہو رہی ہے، گزشتہ روز میں مکمل بستر پر تھا، جسم میں درد، گلے کی سوزش اور کھانسی ہو رہی ہے‘۔
انہوں نے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سے چیک اپ کروانے کے بعد بھی ان کی صحت بہتر نہیں ہو رہی، مجھے افسوس ہے، میں جانتا ہوں کہ آپ لوگ بہت دور سے آئے ہونگے ہمیں سپورٹ کرنے کے لیے لیکن مجھے نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں انفلوئنزا اے کا شکار ہوگیا ہوں اور اس وقت گانے کے قابل نہیں ہوں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ اس وقت میں میکسیکو میں ہونے والے شوز میں پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہوں اس لیے یہ شوز اب اگست میں ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی مذکورہ پوسٹ کے کمنٹس میں مداحوں کی بڑی تعداد نک جونس کی صحت یابی کے لیے دعا گوہ ہے۔
خیال رہے کہ کیون جونس ، نک جونس اور جو جونس پر مشتمل جونس برادرز گروپ رواں ہفتے کے اختتام پر میکسیکو میں پرفارم کرنے والا تھا، تاہم اب نئی تاریخوں کے مطابق اگست کی 21 سے 25 تاریخ کو میکسیکو کے مختلف شہروں میں نک برادرز پرفارم کریں گے۔