• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی انتظامات،پولیس حکام کا امام بارگاہوں،جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ

حیدرآباد(بیورورپورٹ) ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے جمعرات کو محرم الحرام سیکیورٹی پلان کے سلسلے میں امام بارگاہوں، مجالس عزا اور ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں کا دورہ کر کے ہدایات دیں، پو لیس ترجمان کے مطابق یکم محرم صبح 11 بجے پولیس ہیڈ کواٹر سے محرم کے حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں ایس پی سٹی سرفراز ورک کی سر براہی میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ ہوگا، جبکہ6 محرم کو صبح 11 بجے پولیس ہیڈ کواٹر سے ایس ایس پی حیدرآباد پیرمحمد شاہ کی سر براہی میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ حیدرآباد میں واقع 96امام بارگاہ ہوں سے یکم تا 10 محرم 712 ماتمی جلوس برآمد ہونگے جن میں سے 41کوانتہایی حساس اور 116 کو حساس قرار دیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ یکم تا 10 محرم تک ہو نے والی 783 مجالس میں سے 41کو انتہائی حساس اور 444کو حساس قرار دیا گیا ہے ۔ جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کیلئے56 بلند عمارتوں پر اسنائپر پولیس کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے، اس کے علاوہ 3 پولیس ایمر جنسی کیمپ اورواچ ٹاورز قدم گاہ مولیٰ علی، محفل حسینی اور سادات کالونی لطیف آبا د نمبر 9 میں لگا ئے جارہے ہیں، یہاں بھی اسنائپر پولیس کمانڈوز تعینات ہونگے جن کے پاس رات میں دورتک مانیٹرنگ کر نے والی نائٹ ویزول ڈیوائس دوربینیں بھی ہونگی۔

ترجمان نے کہا کہ بم ڈسپوزل یونٹس کو مکمل سازو سامان اور موبائیل BDS سمیت ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدا یت کی گئی ہے، جبکہ مختلف مقامات پر تعینات بم ڈسپوزل اور سول ڈیفنس یونٹ آپس میں رابطہ میں رہیں گے، امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں کے پروگرام شروع ہونے سے قبل ان مقامات پر تعینات پولس افسربم ڈسپوزل اسکواڈ سے سرچ و اسکریننگ کرا کے تحریری کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں گے۔ جبکہ یکم تا 10محرم تک ایک بم ڈسپوزل کا مکمل یونٹ تمام ضروری سازوسامان کے ساتھ ڈٰی ایس پی سٹی کنٹرول روم پر موجود رہے گا۔

ترجمان نے کہا کہ امام بارگاہوں اوراہم مقامات پر خفیہ کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کا کام تکمیل کے آحری مراحل میں ہے، انتہائی اہم مقامات مثلا قدم گاہ شریف اور محفل حسینی وغیرہ پرواک تھرو گیٹ بھی نصب ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ ایس ایس پی آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، ڈی ایس پی سٹی آفس میں مانیٹرنگ روم قائم کیا جا رہاہے، اس کے علاوہ تھانہ مارکیٹ اور بی سیکشن پر بھی مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ مددگار کینٹ، مددگارسٹی اور مددگار قاسم آباد پر بھی ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ 7محرم الحرام سے مجالس اور ماتمی جلوسوں میں موبائل فون جیمرز لگائے جائیں گے،قدم گاہ سمیت اہم امام بارگاہوں، مجالس اور جلوس کی سیکیورٹی کے لئے ڈبل سیکیورٹی پوائنٹ کے ساتھ خار دار تاریں بھی لگائی جائینگی۔ترجمان نے کہا کہ محرم کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز کومبنگ آپریشنز میں ہوٹلز، مسافرخانوں اور گیسٹ ہاؤسز سمیت پبلک مقامات پرسرچ آپریشن کے ساتھ تلاشی لی جائیگی۔

تازہ ترین