• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلف نامہ ختم نبوت کا معاملہ طے ہوچکا، سیاسی آلائشوں سے پاک رہنے دیا جائے، نوازشریف

Todays Print

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ختم نبوت حلف نامے کا معاملہ ختم ہوچکا، اس پر رائے زنی نہیں ہونی چاہیے، ختم نبوت ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہےٗ معاملے کو سیاسی الائشوں سے پاک رہنے دیا جائے، انتخابی بل میں غلطی کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے، معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، ختم نبوت حلف نامے کے معاملے پرمنفی اظہارخیال (ن )لیگ کے نظریے پالیسی سے تعلق نہیں رکھتا۔ ایک بیان میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اس امر کا دو ٹوک اور غیر مبہم اعلان ضروری خیال کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت ہر نوع کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ اس حوالے سے کسی طرح کا منفی اظہار خیال مسلم لیگ (ن )کے نظرئیے اور پالیسی سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے عوام نے تین بار ملک کا وزیراعظم منتخب کیا، ٗتینوں بار میں نے ذاتی طور پر اور مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے زبان، رنگ، نسل، مذہب، عقیدے یا کسی بھی دوسری تمیز و تفریق کے بغیر پاکستان کے عوام کی خدمت کی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصا اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ میں اس امر کا واضح اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے، یہ ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بھی بن چکا ہے۔

یہ معاملہ اب ہمیشہ کیلئے طے ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے انتخابی بل میں ہونے والی غلطی ، کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے جس کے لئے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

تازہ ترین