• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیونزہوم میں لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے ملزم کی پولیس کو تلاش

مانچسٹر(جنگ نیوز) مانچسٹر کےایشیائی اکثریتی علاقے لیونزہوم میں راہ چلتی لڑکیوں کو ہراساں کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کی پولیس سرتوڑ کوشش کر رہی ہے جبکہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی مشتبہ شخص کو دیکھیں توفوری طور پر اطلاع کریں - گریٹر مانچسٹر پولیس کے مطابق ملزم نے میتھیو لین پر ایک بیس سالہ لڑکی جو ایشیائی ہو سکتی ہے کا پیچھا کیا اور اس پر فقرے کسے - بعد میں ملزم نے اس کے ساتھ دست اندازی کی کوشش کی - تاہم لڑکی کی مزاحمت کے بعد ملزم فرار ہو گیا -پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کو ماہرین کی طرف سے اخلاقی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے کیونکہ لڑکی سخت خوفزدہ ہے - پولیس سارجنٹ ٹریسی مورٹائمر نے خبردار کیا ہے کہ پولیس ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرے گی اور ملزم کو ہر صورت میں گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے گی - انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری خواہ وہ مرد ہو یا عورت کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے روزمرہ کاموں کے لئے جہاں جی چاہے آئیں جائیں لیکن کسی کو یہ حق نہیں کہ کسی بھی شہری کو ہراساں کرے ۔ جہاں کسی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا واقعہ ہو گا اس کا سخت نوٹس لیا جائے گا- اگر کسی کو جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے تو وہ خاموش نہ رہے بلکہ آگے آئے اور واقعہ کی رپورٹ کرے تاکہ ایسے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکے۔
تازہ ترین