• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان کے متاثرین کے لیے 5سابق امریکی صدور ایک ساتھ

Todays Print

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکا کے 5سابق صدور بدترین طوفانوں ارما، ہاروی اور ماریا سے متاثر ہونے والے شہریوں کی مدد کے لیے منعقد ہ کنسرٹ میں شریک ہوئے۔سابق صدر باراک اوباما، جارج ڈبلیو بش، جارج ایچ ڈبلیو بش، بل کلنٹن، اور جمی کارٹر ہفتے کے روز ٹیکساس میں اکٹھے نظر آئے۔One America Appeal کے نام سے چلائی جانے والی اس مہم میں حصہ لینے والے ان پانچ میں سے تین سابق امریکی صدور کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی جبکہ دو کا ریپبلکن سے تھا۔اب تک اس مہم میں 31 ملین امریکی ڈالر اکھٹے کیے جا چکے ہیں۔رواں برس اگست میں طوفان ہاروی نے جب ٹیکساس میں تباہی مچائی تھی تو اس وقت سیاسی رہنماؤں نے متاثرین کی مدد کے لیے اپیل کی تھی۔بعد میں فلوریڈا، پورٹوریکو اور یو ایس ورجن آئی لینڈز بھی طوفان سے متاثر ہوئے۔

کنسرٹ میں پہلے ایک ریکارڈ شدہ پیغام میں سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ ’بطور سابق صدور ہم اپنے امریکی ساتھیوں کی بحالی کے لیے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں‘۔اس موقع پر جارج ڈبلیو بش کا کہنا تھا ’یہاں لوگ تکلیف میں ہیں لیکن جیسا کہ ٹیکساس کے ایک مکین نے کہا ہے کہ ہمیں ٹیکساس میں پانی کی نسبت محبت زیادہ ملی ہے‘۔پانچوں سابق امریکی صدور کنسرٹ کے آغاز سے قبل اس وقت سٹیج پر اکٹھے نظر آئے جب ملک کا قومی ترانہ گایا جا رہا تھا۔کنسرٹ کا آغاز لی گرین ووڈ اور لیڈی گاگا نے کیا۔امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کنسرٹ میں شریک نہیں ہوئے تاہم اس کے آغاز سے پہلے انھوں نے ایک پیغام کے ذریعے سابق صدور کی اس کوشش کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

باراک اوباما اور جارج ڈبلیو بش نے گذشتہ ماہ اپنی تقاریر میں نام لیے بغیر صدر ٹرمپ پر تنقید کی تھی۔

تازہ ترین