• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس میں جدیدتعلیم کیلئے معاملات زیربحث ہیں، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم تعلیم میں اصلاحات لارہے ہیں اور چند رہنما اصول وضع کیے ہیں ، تعلیم بغیر کسی تفریق کے سب کیلئے ایک جیسی ہوگی، ہم تعلیمی نصاب سے نفرت ، تشدد،عسکریت پسندی ،انتہاپسندی کو فروغ دینے والی بدعوانیوں کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مدرسہ کونسل کے ساتھ بات کرر ہے ہیں تاکہ تمام مدارس میں جدید تعلیم متعارف کراسکیں۔ انہوں نے یہ بات زیبسٹ کے 14ویںجلسہ تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں چانسلر ڈاکٹر عزرا فضل پیچوہو، وائس چیئرمین مسٹر آفتاب شابان میرانی، بورڈ آف ٹرسٹیز کی صدر شہناز وزیر علی، ڈاکٹر الطاف مکتی، زیبسٹ فیکلٹی، والدین، اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ زیبسٹ نے شروع سے اپنا ایک تعلیمی معیار برقرار رکھا ہے اور سکھانے کے جدید طریقوں سے استفادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیبسٹ طالبعلموں کے درمیان قیادت کی مہارت کو فروغ دینے میں ابھر کر سامنے آیا اور اس نے کمیونٹی کی ترقی میں نمایاں و اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں صوبہ سندھ کے تمام بچوں و نوجوانوں کو اسکولوں، کالجوں، تکنیکی اداروں اور یونیورسٹیوں کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کا خواہاں ہوں۔ انہوں نے پاسنگ آؤٹ طلباء کو ان کی تعلیم کامیابی سے مکمل ہونے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو آپ کے ادارے کی جانب سے متعین کردہ چیلنجز کے نبردآزما ہونے کیلئے سخت محنت کرنا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اچھے طریقے سے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں ماحولیات، بڑھتی ہوئی آبادی کی شرح جس سے ہمارے وسائل متاثر ہورہے ہیں اور بڑھتی ہوئی آرگنائیزیشن جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ایک ہزار سے زائد طلبانے زیبسٹ سے گریجویشن مکمل کی ہے۔ اس موقع پر زیبسٹ کے چانسلر ، بور آف ٹرسٹیز کے صدر نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین