• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہن کوقتل کرنیوالی علوینہ اور شریک ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقامی عدالت نے بہن کے قتل میں ملوث ملزمہ علوینہ اور اس کے ساتھیوں کو 15؍ دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ دوران سماعت ملزمان احسن اور عباس رو پڑے۔ پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں سعود آباد کے علاقے میں بہن کو قتل کرنے والی ملزمہ علوینہ ، اس کے منگیتر مظہر ، احسن اور عباس کو پیش کیا گیا ۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ملزمان کو 24؍ گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا ۔تفتیشی افسر نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آئندہ شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ کیس پراپرٹی ایک نہیں یہ کس کی ذمہ داری ہے جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں یہ اسی طرح ملی ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ یہ لکھ کر دیں بصورت دیگر شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کا کم ازکم 5دن کا ریمانڈ دیا جائے ۔ملزمہ کا میڈیکل بھی کرانا ہے ۔کسی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹرنہیں تھی ۔عدالت نے استفسار کیا کہ لڑکی کا والد کہاں ہے ؟تفتیشی افسر نے آگاہ کیا کہ وہ عدالت میں موجود نہیں ہے ۔ ملزمہ علوینہ نے عدالت میں بیان دیا کہ میری قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیو احسن کے پاس ہیں۔ احسن اور اس کے بھائی نے مجھے بلیک میل کیا۔ ملزم مظہر علوینہ کا منگیتر جبکہ احسن بوائے فرینڈ ہے۔ دوران سماعت ملزمان احسن اور عباس عدالت میں زارو قطار رونے لگے اور کہا کہ ہم نے کبھی ملزمہ کو بلیک میل نہیں بلکہ 25؍ ہزار روپے سے اس کی مدد بھی کی۔ بلیک میل کرنے والا پیسے دیتا نہیں لیتا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ قانون کے مطابق تفتیش کی جائے ۔عدالت نے ملزمان کو 15؍ دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین