• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کیساتھ اتحاد، عمران کوانتخابی سیاست میں نقصان ہوگا،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان اگر پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملاتے ہیں تو انہیں انتخابی سیاست میں بھی نقصان ہوگا، پی ٹی آئی کے پیپلز پارٹی سے اتحاد نہ کرنے کی وجہ آصف زرداری پر کرپشن کے الزامات ہیں، آئندہ چار چھ ہفتوں کی سیاست بہت اہم ہے ، اس دوران مزید ایک دھرنا ضرور ہوگا، دس سے پندرہ جنوری تک پاکستان میں کڑا وقت رہے گا،ن لیگ پیپلز پارٹی کے مفادات پورے کرپائی تو وہ سینیٹ میں آئینی ترمیمی بل کی منظوری دیدے گی سینیٹ میں آئینی ترمیمی بل منظور کرنے کیخلاف پیپلز پارٹی پر دباؤ ہے، پیپلز پارٹی کے اندر نئی حلقہ بندیوں کے بل پر متضاد آراء پائی جاتی ہیں، آصف زرداری ہر صورت میں وفاقی حکومت اور شہباز شریف کی حکومت کو گرانا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کو فی الحال الیکشن سوٹ نہیں کرتے ہیں، اگر 2018ء میں الیکشن ہوئے تو ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، امتیاز عالم، شہزاد چوہدری، حفیظ اللہ نیازی، ارشا دبھٹی اور بابر ستار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال زرداری کے ہوتے پیپلز پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں ہوسکتا، عمران خان، چیئرمین تحریک انصاف کی پیپلز پارٹی سے اتحاد نہ کرنے کی اصل وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ آئندہ چار چھ ہفتوں کی سیاست بہت اہم ہے ، اس دوران مزید ایک دھرنا ضرور ہوگا، دس سے پندرہ جنوری تک پاکستان میں کڑا وقت رہے گا، عمران خان صدق دل سے طاہر القادری کو دیانتدار نہیں سمجھتے ہیں، عمران خان اور آصف زرداری دونوں طاہر القادری کے پیچھے کھڑے ہیں تو باہمی اتحاد کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان کا آصف زداری سے اتحاد نہ کرنا دراصل اتحاد کی جنگ ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کرپشن کی وجہ سے آصف زرداری کے ہوتے پیپلز پارٹی سے اتحاد پر رضامند نہیں ہیں، عمران خان کو میثاق جمہوریت اور این آر او سے بڑی تکلیف تھی۔مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان کی پیپلز پارٹی سے اتحاد نہ کرنے کی وجہ آصف زرداری پر کرپشن کے الزامات ہیں، عمران خان ماضی میں کہہ چکے ہیں آصف زرداری ہٹ جائیں تو بلاول بھٹو سے بات ہوسکتی ہے، یہ صرف عمران خان کا موقف نہیں پیپلز پارٹی کے اندر بھی لوگ ایسا چاہتے ہیں، پچھلے انتخابات میں پیپلز پار ٹی کے لوگوں نے آصف زرداری کی تصویر کے ساتھ پنجاب میں الیکشن لڑنے سے انکار کردیا تھا۔بابر ستار کا کہنا تھا کہ عمران خان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو نظام کی خرابیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں، اگر حکومت کو ہٹانے کیلئے عمران خان پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملاتے ہیں تو ان پر سخت تنقید ہوگی، پی ٹی آئی میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہوئے ہیں، عمران خان اگر پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملاتے ہیں تو انہیں انتخابی سیاست میں بھی نقصان ہوگا۔ امتیاز عالم نے کہا کہ عمران خان کا آصف زرداری کے ہوتے پیپلز پارٹی سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان سیاسی شعبدہ بازی ہے، عمران خان سولو فلائٹ کے قائل ہیں اس لئے ان کا کسی سے اتحاد بنانا مشکل نظر آتا ہے، عمران خان اگر کرپشن کی وجہ سے آصف زرداری کی مخالفت کررہے ہیں تو کرپشن کے خلاف پورا نظام تجویز کریں۔شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان اور آصف زرداری نے ہاتھ نہ ملایا تو شریف اقتدار میں رہیں گے، عمران خان کا آصف زرداری سے اتحاد نہ کرنا بیوقوفی کی سیاست ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ باقی تمام پارٹیاں ایک گاڈ فادر کے بغل بچے ہیں۔   
تازہ ترین