• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے فور منصوبے میں تاخیر کا اندیشہ،چیف سیکرٹری آئندہ ہفتے علاقے کا دورہ کرینگے

کراچی(طاہرعزیز/اسٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری سندھ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کاآئندہ ہفتے تفصیلی دورہ کریں گے جبکہ طویل عرصے سے زیرتعمیر گریٹرسیوریج پلان(ایس تھری)آئندہ سال جون 2018 سے سمندر میں جانے والے 5 سو ایم جی ڈی سیوریج میں سے165ایم جی ڈی ٹریٹ کرنا شروع کردے گا اس بات کافیصلہ چیف سیکریٹری رضوان میمن کی جانب سے جمعے کو کراچی واٹراینڈسیوریج بورڈ کے ہیڈآفس واقع شاہراہ فیصل کے دورے اور بریفنگ کے دوران کیا گیا چیف سیکریٹری کو ایم ڈی واٹربورڈ سیدہاشم رضازیدی اور منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے جاری منصوبوں کے فور، ایس تھری 65 ایم جی ڈی اضافی پانی کا منصوبہ اور 100 ایم جی ڈی پانی کے دھابیجی پر نئے پمپنگ اسٹیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی باخبر ذرائع نے بتایاکہ چیف سیکریٹری نے اجلاس کے دوران کے فور منصوبے کے آغاز سے لے کر کراچی تک تمام روٹ کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے بتایاکہ روٹ کا کچھ حصہ جمپیر سے آگے ایسا ہے جہاں گاڑیاں نہیں جاسکتیں جس پر چیف سیکریٹری نے کہاکہ جہاں گاڑیاں نہیں جاسکیں گی وہ ہیلی کاپٹر کےذریعے دورہ کریں گے بریفنگ کے دوران کے فور منصوبے کی تکمیل کا وقت جون 2018سے بڑھا کرستمبر 2018کردیا گیا واضح رہے منصوبے کے سنگ بنیاد سے لے کر آج تک وزیراعلیٰ سندھ وزیر بلدیات اسے جون 2018میں مکمل کرنے کا اعلان اور دعوی کرتے رہے ہیں کے فور میں تاخیر سے کراچی جو پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا جبکہ بعض ماہرین کا منصوبے کی رفتار کو دیکھتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 2018 میں بھی مکمل نہیں ہوگا کیونکہ منصوبے کا ابھی بہت کام باقی ہے چیف سیکریٹری کو گزشتہ کئی سال سے زیرتعمیر ایس تھری منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر انہیں بتایاکہ جون 2018میں 165ایم جی ڈی سیوریج ٹریٹ ہونا شروع ہوجائے گا واضح رہے کافی عرصے سے کراچی میں جمع ہونے والے سیوریج کا ایک گیلن پانی بھی ٹریٹ نہیں ہوتا تمام ٹریمنٹ پلانٹ بند ہیں جبکہ ایس تھری منصوبہ بھی کافی تاخیر کا شکارہوچکا ہے۔دریں اثنا واٹر بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ سرکاری اداروں سمیت دیگر نادہندگان سے واٹربورڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے بھرپور تعاون اور مدد فراہم کرے گی ،کے فور منصوبہ کی راہ میں تجاوزات کا معاملہ بھی حل کیا جائے گا ،شہریوں کے مسائل کے حل میں سندھ حکومت کسی صورت پیچھے نہیں رہے گی یہ بات انہوں نے واٹربورڈ کے نائنتھ مائلز کارساز پر واقعہ دفترکے دورے کے موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ اور دیگر حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوںنے کہا کہ واٹربورڈ حکام کی تمام تر کاوشیں شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ اور مسلسل فراہمی کیلئے ہونی چاہیں، واٹربورڈ کے فراہمی نکاسی آب کے تمام منصوبوں پر سندھ حکومت کی جانب سے بھرپور رہنمائی اور مدد کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ تمام فلٹر پلانٹس اور ہائیڈرنٹس پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ، پانی کی فراہمی ونکاسی آب سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عملدرآمد ہونا چاہئے ؎
تازہ ترین