• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیووس میں وزیر اعظم شاہد خاقان اور بھارتی ہم منصب مودی کے درمیان ملاقات کا امکان

لاہور (خالد محمود خالد) نئی دہلی کے سفارتی اور سرکاری ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے تفریحی مقام ڈیووس میں ورلڈاکنامک فورم کے 48ویں اجلاس کے موقع پر 22جنوری کو پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کا امکان موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ممکنہ ملاقات کے حوالے سے نئی دہلی میں اہم میٹنگز جاری ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ بھی اس وقت نئی دہلی میں ہیں ۔ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان باہمی امور پر دو طرفہ بات چیت کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے تاہم اس بارے میں جب بھارتی دفتر خارجہ کے حکام سے استفسار کیا گیا تو انہوں نے ان ممکنہ ملاقاتوں کے حوالے سے جواب دینے سے انکار کیا لیکن 22جنوری کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے دئیے جانے والے استقبالیہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی شمولیت کے بارے میں تردید نہیں کی گئی۔
تازہ ترین