• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ اورعرب تنازعات کے سبب سرمایہ کار سی پیک کی طرف راغب

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کی معروف سرمایہ کار کمپنی ویسٹ بری انوسٹمنٹ کے معروف برٹش پاکستانی سرمایہ کار منیجر عاصم بھٹو نے کہا ہے کہ بریگزٹ اورعرب ممالک کے درمیان تنازعات اور کشیدگی کے سبب اب دنیا بھر کے سرمایہ کار سی پیک کی طرف راغب ہورہے ہیں اور بہتر منافع حاصل کرنےکے لئے پاکستان کے علاقے گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انھوں نےجنگ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ بریگزٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال اور عرب ممالک میں جاری کشیدگیوں کے سبب اب مشرق وسطیٰ اور یورپ کی مارکٹیں زیادہ منافع بخش نہیں رہیں، انھوں نے کہا کہ منافع کے اعتبار سے پاکستان دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت بہتر ہےانھوں نے کہا کہ ویسٹ بری انوسٹمنٹ کے ذریعہ ہم گزشتہ 10سال سے سرمایہ کاری میں مصروف ہیں اور اب ہم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی طلب کے مطابق اپنے پراجیکٹس پاکستان میں شروع کرنے کافیصلہ کیاہے۔ کیونکہ اس وقت اس سے ہمیں زیادہ منافع کی توقع ہے عاصم بھٹو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے انفراسٹرکچر کو بہتر بناکر کافی کام کیا ہے اور پنجاب کو سیاحوں کے ساتھ ہی غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بھی پرکشش بنادیاہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب کی پراپرٹی مارکیٹ پوری طرح ریگولیٹ کردی گئی ہے اور لاہور کو پاکستان کا محفوظ ترین شہر کہا جاسکتاہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ نےلاہور میں شاندار کام انجام دیا ہےجو نظر آرہاہے۔انھوں نے کہا کہ لاہور کاانفراسٹرکچر پاکستان کے تمام شہروں میں بہترین ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے پہلے پراجیکٹ کیلئے لاہور کاانتخاب کیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم لاہور میں ایسا پراجیکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں جس تک اوورسیز پاکستانیو ں کو رسائی حاصل ہو جو اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، انھوں نے کہا کہ ہم برطانیہ اور پاکستان کے درمیان پل کاکردار ادا کرناچاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کی کمپنی لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک لگژری ٹاور بلاک تعمیر کررہے ہیں جس میں 207سروس اپارٹمنٹس ہوں گے یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کاپہلا منصوبہ ہوگا جس میں عمارت کے رہائشیوں کو 24گھنٹے 4سٹار سہولتیں حاصل ہوں گی انھوں نے کہا کہ وہ ان پراجیکٹس پر چین کی ایک معروف تعمیراتی کمپنی کے اشتراک سے کام کررہے ہیں جو کہ جدید ترین عمارت کی تعمیر کے حوالے سے ہماری مدد کررہی ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ چین کی 6بڑی کمپنیوں میں ایک ہے اس کی ساکھ اچھی ہے اور اس نے میگا لگژری پراجیکٹس تعمیر کئے ہیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ چین کی کمپنی نے ہم سے رابطہ کیا او رایک بڑے منصوبے کے ذریعے پاکستان میں کام کی خواہش کااظہار کیا،جو اب ہمارے ذریعہ حقیقت کا روپ دھار رہاہے۔انھوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں معیاری رہائشی پراجیکٹس کی طلب میں اضافہ ہورہاہے کیونکہ اب چین کے ایگزیکٹو لاہور اور اسلام آباد میں رہتے ہیں جبکہ ورک فورس گوادر میں ہوتی ہے۔اس وقت لگژری رہائش کی طلب بہت بڑھ گئی ہے۔اس لئے ایک لگژری پراجیکٹ کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ پاکستان اور چین کے مفادات اور مستقبل میں قدر مشترک پیداہوچکی ہے اس لئے ہم نے چین کی ایک بڑی کمپنی کو اس پراجیکٹ کیلئے اپناپارٹنر بنایا ،انھوں نے کہا کہپاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کا تجربہ اچھا نہیں ہے لیکن اب پاکستان میں لینڈ مافیا اور کرپٹ عناصر کے خلاف سخت قوانین سامنے آنے کے بعدصورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ ہم ریئل سٹیٹ مارکیٹ میں غلط کاری کی شکایت کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کررہے ہیں۔ہمارے پراجیکٹس مخصوص اور اوورسیز پاکستانیوں کی ضرورت کے عین مطابق ہے۔اب صرف رجسٹرڈ کلائنٹس ہی اپنے کاغذات میں تبدیلی کراسکے گا اورکوئی دوسرا شخص ایسا نہیں کرسکے گا۔
تازہ ترین