• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی انجینئرنگ ہورہی ہے،ٹیکنوکریٹ حکومت کے خدشات بڑھ رہے ہیں

Todays Print

اسلام آباد (ایجنسیاں )فرحت اللہ بابر ‘ عثمان خان کاکڑ‘بیرسٹرمحمدعلی سیف ودیگرارکان سینیٹ نے جمعرات کو ایوان میں بحث کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے بھی نااہل قرار دینے کے عدالتی فیصلہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی راہ ہموارہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں ‘لگ رہاہے کہ سیاسی انجینئرنگہورہی ہے ‘پارلیمنٹ نے صورتحال کا نوٹس نہ لیا توکل ساری سیاسی جماعتیں روئیں گی جبکہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ طویل عرصے سے کہہ رہاہوں کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی اور سیاسی ڈھانچہ خطرے میں ہے، پارلیمنٹ خاموش نہیں رہے گی‘ وفاق کو بچائے گی اور جمہوریت کو آگے لے کر چلے گی‘سپریم کورٹ کے فیصلے کا اثر سینیٹ امیدواروں پر نہیںپڑے گا ‘سیاسی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے‘ اس کے لئے ادارہ جاتی ڈائیلاگ ہونا چاہئے۔قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے انکار نہیں کیا جا سکتا، پارلیمانی بورڈ نے جو ٹکٹ جاری کئے تھے وہ ایک طرف رکھ کر نئی لسٹ بنائی اورچیف الیکشن کمشنر کے پاس گیا یہ ٹکٹ بھی مسترد ہو گئے ہیں ۔ جمعرات کو ایوان بالا میں عوامی اہمیت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ایم ایل کے سینیٹرز متاثر ہوئے ہیں‘میری رائے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا اثر سینیٹ کے امیدواروں پر نہیں پڑے گا۔

تازہ ترین