• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں فوج کی مداخلت سے متعلق خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا

الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں فوج کی مداخلت سے متعلق خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا

اسلام آباد ( طاہر خلیل،این این آئی ) الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں فوج کی مداخلت سے متعلق خدشات کو بے بنیاد قرار دیدیا اور کہا کہ کوئی دبائونہیں،تمام ادارےہماری ہدایات پرعمل کررہےہیں، ساڑھے تین لاکھ فوج الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت کام کریگی ۔ فوج اور عدلیہ بھی الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کر رہے ہیں ۔ وزارت داخلہ کی درخواست پر تین امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے ۔تینوں کے نام اقوام متحدہ کی واچ لسٹ پر ہیں ، پولنگ اسکیم گوگل میپ پرجاری کی جارہی ہے، کسی اورکےنام پر ووٹ کاسٹ ہونےپراصلی اور جعلی دونوں ووٹ گنے جائینگے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ہفتے کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں امن و امان کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوج اور ساڑھے چار لاکھ پولیس تعینات کی جائے گی مجموعی طورپر 8 لاکھ سیکورٹی عملہ رائے دہند گان کو پر سکون ماحول فراہم کرےگا۔ فوج پریذایڈنگ افسر کی ہدایات پر عمل کر ے گی ۔ پولنگ شروع اور ختم کرنا ۔ نتائج مرتب کرنا یہ سب کام پریذایڈنگ افسر کے ہیں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن پوسٹل بیلٹ کا سر پرائز آڈٹ کرے گا۔ انتخابات شفاف ، آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے ۔ بین الاقوامی مبصرین کو بھی انتخابات کے انتظامات پرمکمل بریفنگ دے دی گئی ہے ووٹرز سے اپیل ہے کہ وہ حق رائے دہی ضرور استعمال کریں ۔ پولنگ سٹیشن پر انہیں پر امن ماحول فراہم ہو گا جن پولنگ سٹیشنر پرسہولتیں موجو دنہیں تھیں وہاں رائے دہند گان کیلئے ضروری سہولتیں فراہم کر دی گئی ہیں ۔

تازہ ترین