• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملامنصورکے کارڈکی تجدید‘دوبیویوں کوکارڈکااجراءکراچی سے ہوا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈرون حملے میں مارے جانے والےافغان طالبان کے سربراہ ملااخترمنصور کے شناختی کارڈ کی تجدید اور دو بیویوں کے شناختی کارڈ بھی کراچی سے بنائے جانے کاانکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے نے نادرا کے سپروائزر سمیت دو افراد کو گرفتار کر کے حساس اداروں کے حوالے کردیا ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے نادرا ہیڈ آفس کے قریب چھاپہ مار کر نادرا ایگزیکٹو سینٹر کے سپر وائزر رفعت اقبال کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کا کہناہے کہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے طالبان کے امیر کا شناختی کارڈ ڈیفنس ایگزیکٹو سینٹرسے تجدید کرایا گیا تھا ۔ذرائع نےمزید بتایا کہ طالبان امیر کی دوبیویوںکا شناختی کارڈ بھی کراچی سے بنوایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ولی محمد کی ایک بیو ی کا شناختی کارڈ نادرا ساوتھ سینٹر سے ہی بنوایا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق نادرا کے سپروائزر رفعت اقبال اور لیویز اہلکار عزیز احمد کو ایف آئی اے کراچی کے حکام نے گرفتار کر کے حساس اداروںکے حوالے کردیا ہے ۔اس ضمن میں جب ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اشفاق عالم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں چھٹیوں پر ہوں اس لئے گرفتاری کے بارے میں نہیں بتا سکتا۔
تازہ ترین