پاکستان میں میڈیا کودبانے کی کوششیں جاری ہیں،ارشد انصاری

October 19, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) گورنر پنجاب کے میڈیا کوآرڈینیٹر اورپی پی سی اسکاٹ لینڈ کے صدر طاہر انعام شیخ نے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں صحافیوں نے شرکت کی، تقریب میں نظامت کے فرائض مصطفی علی بیگ نے انجام دیئے۔ ارشد انصاری نے خطاب میں کہا کہ مجھے اپنے صحافی بھائیوں سے مل کر نہایت خوشی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مشن ہے جس کیلئے بے پناہ قربانیاں دینا پڑتی ہیں، آزادی صحافت کے بعد قومی خوشحالی، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، پاکستان میں اس وقت بدقسمتی سے میڈیا کودبانے کی کوشش کی جارہی ہے، نیا میڈیا بل لایا جا رہا ہے لیکن ہم انشاء اللہ اس پلان کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، صحافی اکھٹے ہوکر اس کے خلاف ایک بڑی مہم چلا رہے ہیں، پاکستان پریس کلب اسکاٹ لینڈ کے پیٹرن انچیف بیلی کونسلر حنیف راجہ نے ارشد انصاری کو ان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتاہے، آپ لوگ غریب اور پسے ہوئے طبقات کی آواز کو بلند،ان کے مسائل سامنے لاتے اور حل کراتے ہیں، قائد اعظم نے کہا تھا کہ کسی معاشرے میں صحافت اور قوم کا عروج وزوال ایک ساتھ ہوتا ہے، تقریب س طاہر انعام شیخ، میجر ماجد حسین، راحت زاہد، کیپٹن فریداحمد انصاری، راجہ عابد حسین، محمد فیاض علی، طاہر ڈار، ماجد حسین ، عبید چوہدری، سعد سکندر علی اور غلام نبی نے بھی خطاب کیا اور ارشد انصاری کی صحافیوں کیلئے خدمات کو سراہا۔