• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکیش کا جیکولین کو بیورلے ہلز میں شاندار بنگلہ تحفے میں دینے کا دعویٰ

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

کرسمس کے موقع پر مبینہ بھتہ خور سوکیش چندرا شیکھر کی جانب سے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے نام ایک اور خط سامنے آیا ہے۔

اس خط میں سوکیش نے جیکولین کو کرسمس کی مبارکباد دی اور ایک ایسے تحفے کا تفصیلی ذکر کیا جو کسی فلمی کہانی سے کم نہیں لگتا۔

یہ خط ایک بار پھر جیکولین کو اس کہانی کے مرکز میں لے آیا ہے جس سے وہ بارہا خود کو الگ کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔

خط میں سوکیش نے نہایت ذاتی انداز میں جیکولین کو کرسمس کی مبارکباد دی۔ خط میں جس بات نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی، وہ سوکیش کا ایک شاندار کرسمس تحفے کا دعویٰ ہے۔

جس میں اس نے کہا کہ وہ جیکولین کو بیورلے ہلز میں ایک عالی شان بنگلہ تحفے میں دے رہا ہے۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے اس گھر کا نام ’’دی لوو نیسٹ‘‘ رکھا ہے۔

سوکیش کے مطابق یہ وہ گھر ہے جس کا منصوبہ انہوں نے کبھی مل کر بنایا تھا۔ اس نے لکھا کہ جیکولین کو شک تھا کہ یہ کبھی مکمل بھی ہو پائے گا یا نہیں۔ اب، اس کے بقول، یہ گھر نہ صرف مکمل ہو چکا ہے بلکہ پہلے سے ’’زیادہ بڑا اور بہتر‘‘ ہے۔

اس نے یہ بھی ذکر کیا کہ اس جائیداد کے گرد ایک نجی 19 ہول گالف کورس موجود ہے، جسے اس نے پورے امریکا میں منفرد قرار دیا۔ یہاں تک کہ اس نے اس کا موازنہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مار-اے-لاگو اسٹیٹ سے کیا اور کہا کہ ’’لوو نیسٹ‘‘ اسے بھی عام سا بنا سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سوکیش نے جیکولین کو عوامی طور پر خط لکھا ہو۔ گزشتہ چند برسوں میں وہ ہولی، ایسٹر، کرسمس اور حتیٰ کہ اپنی سالگرہ کے موقع پر بھی جیکولین کو خطوط لکھتا رہا ہے۔

جیکولین اس حوالے سے پہلے ہی سخت اعتراض کر چکی ہیں۔ انہوں نے دہلی کی ایک عدالت سے رجوع کیا اور اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ سوکیش بار بار انہیں خطوط لکھ رہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید