علی اصغر بنگلزئی کی بازیابی کیلئے 20 سال سے جد و جہد کرتے آرہے ہیں، نصراللہ بلوچ

October 19, 2021

کوئٹہ (آن لائن )وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چئیرمین نصراللہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انکے انکل علی اصغر بنگلزئی کی جبری گمشدگی کو 20 سال مکمل ہوگئے۔علی اصغر مشرف دور میں بلوچستان سے جبری گمشدگی کا شکار ہونے واے پہلے شخص ہیں جنہیں 18 اکتوبر 2001 کو محمد اقبال کے ساتھ ڈگری کالج کوئٹہ کے سامنے سے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا ۔24 دن کے بعد محمد اقبال کو چھوڑ دیا گیا لیکن علی اصغر تاحال لاپتہ ہیں ۔ نصراللہ بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ علی اصغر کی بازیابی کیلئے 20 سال سے پرامن اور آئینی طریقے سے جد و جہد کرتے آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اب تک انہیں انصاف نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس غیر آئینی اور ماورائے آئین اقدام کے خلاف اور انصاف کے حصول تک اپنی پرامن اور آئینی جد و جہد جاری رکھیں گے۔