امیتابھ بچن نے 13 برس بعد بیٹی کو ناراض والد سے ملوادیا

October 20, 2021

بھارتی لیجنڈ امیتابھ بچن نے اپنے پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی میں‘ 13 برس بعد بیٹی کو اپنے ناراض والد سے ملوادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے سیزن 13 کی ایک قسط کے دوران مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی بھاگیاشری نامی خاتون نے بتایا کہ ان کے والد پسند کی شادی کرنے پر برسوں سے ناراض تھے۔

امیتابھ بچن کے پوچھنے پر بھاگیاشری نے بتایا کہ ان کے والد نے 13 برس گزر جانے کے باوجود ابھی تک ان سے ملاقات نہیں کی۔

پروگرام میں بھاگیاشری نے روتے ہوئے اپنے والد سے معافی مانگی، بعد ازاں امیتابھ بچن نے خاتون کو یہ بتا کر حیران کردیا کہ اُن کے والد فون پر ہیں اور ان سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

بھاگیاشری نے پروگرام میں ساڑھے 12 لاکھ روپے جیتے، انہوں نے 25 لاکھ کے سوال کا جواب نہ دے پانے کی وجہ سے مقابلے سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔