اننیا پانڈے، آریان خان کو منشیات فراہم کرنے والے کسی شخص کو جانتی ہیں ؟

October 23, 2021

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور اداکارہ اننیا پانڈے کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ چیٹس کو بنیاد بناتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ اننیا پانڈے نے آریان خان کو منشیات فراہم کی جس کے بارے میں ابھی تفتیش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اننیا پانڈے نے این سی بی کی جانب سے لگائے گئے آریان خان کو منشیات فراہم کرنے کے الزام کی تردید کردی ہے اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ آج پوچھ گچھ کے دوران اننیا کسی ایسے شخص کا نام بتانے والی ہیں جس نے آریان خان کو منشیات فراہم کی تھیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ اننیا پانڈے کو این سی بی نے مبینہ طور پر آریان کے فون سے ملنے والی دو سال پرانی واٹس ایپ چیٹ کےبارے میں پوچھ گچھ کرنے کے لیے طلب کیا تھا اور اب یہ پوچھ گچھ پیر تک جاری رہے گی۔

اس کے علاوہ ممبئی کےعلاقے باندرا میں اننیا پانڈے کے گھر پر ایجنسی کے حکام نے چھاپہ مارا کر ان کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی ضبط کر لیا ہے اور اس حوالے سے اداکارہ سے پہلے سیشن میں تقریباََ 22 گھنٹے اور گزشتہ روز چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ این سی بی نے اننیا کے گھر کے عملے میں ایک شخص سے بھی پوچھ گچھ کی تھی جس کے بارے میں انہیں شک تھا کہ وہ اننیا کے کہنے پر آریان خان کو منشیات فراہم کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس شخص کو ممبئی کے علاقے مالاد سے حراست میں لیا گیا تھا اور اب پیر کو اس سے بھی دوبارہ پوچھ گچھ کی جائے گی۔