امیتابھ بچن کے مداح نے کار پر بگ بی کی فلموں کے مکالمے لکھوالیے

October 24, 2021

ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن اپنے مداح سے ملنے پر مجبور ہوگئے، مداح سے ملاقات کرنے کی وجہ ان مداح کی جانب سے کار پر بگ بی کی فلموں کے مشہور مکالمے جبکہ شرٹ پر مشہور فلموں کے نام لکھے ہوئے ہیں۔انسٹا گرام پر مداح کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے لکھا کہ ان کے مداح نے اپنی کار پر ایک خوب صورت پینٹنگ بنائی ہے، جس پر میری فلم کا مشہور ڈائیلاگ بھی لکھا ہوا ہے۔بگ بی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ جب آپ کار کا دروازہ کھولتے ہیں تو پھر میری فلموں کے مشہور ڈائیلاگ خود بخود چلنا شروع ہوجاتے ہیں، جو میرے لئے حیران کن بات ہے۔امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ مداح نے یہ گاڑی خریدنے کے بعد اس وقت تک چلانا شروع نہیں کی جب تک اس نے اپنی گاڑی کے ڈیش بورڈ پر میرا آٹو گراف نہیں لے لیا۔79 سالہ بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے مداح کی جانب سے اپنے لیے کی گئی اس خوب صورت کاوش کو خوب پسند کیا ہے اور اپنے انسٹاگرام پر اس کی تعریف کے ساتھ ساتھ پسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔