انگلینڈ میں کلچرل ہٹ اسپاٹس میں 850 ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کے تین سالہ پروگرام کا اعلان

October 25, 2021

لندن (پی اے) حکومت نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ میں کلچرل ہاٹ سپاٹس کو 850 ملین پونڈ کی انویسٹمنٹ ملے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پینڈامک کے بعد کلچرل ہاٹ سپاٹس کو دوبارہ سرگرم کرنے کیلئے میوزیمز اور گیلریز میں 850 ملین پونڈ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس رقم کو لندن کے وی اینڈ اے میوزیم ٹیٹ لیورپول اور ڈوکسفورڈ کے امپریل وار میوزیم جیسے ملک کے انتہائی مقبول انسٹی ٹیوشنز کو بحال اور اپ گریڈ کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ چانسلر رشی سوناک اگلے ہفتے بجٹ میں اس تین سالہ انویسٹمنٹ کا اعلان کریں گے۔ اس فنڈنگ سے جن دیگر اسٹیبلشمنٹس کو فائدہ پہنچے گا، ان میں یارک کا نیشنل ریلوے میوزیم،یارک شائر میں بوسٹن سپا کی دی برٹش لائبریری شامل ہے۔ مجموعی طور پر 125 ملین پونڈ کی رقم سے نیشنل ہسٹری میوزیم کے حصے کے طور پر آکسفورڈ شائر میں نئے سٹیٹ آف آرٹ سائنٹیفک ریسرچ سینٹر کے قیام پر خرچ کی جائے گی۔ یہ سینٹر 2026 میں کھولا جائے گا، جس میں 27 ملین سپیسیمنز جو کہ میوزیم کی مجموعی کلیکشن کا ایک تہائی ہیں، کو رکھا جائے گا اور ان سپیسیمنز تک دنیا بھر کے ریسرچرز کو ڈیجیٹل رسائی حاصل ہوگی۔ حکومت کو امید ہے کہ اس سے کلائمیٹ چینج،بائیو ڈائورسٹی کے نقصان اور نئی بیماریوں جیسے گلوبل چیلنجز سے نمٹنے کیلئے برطانیہ کی پوزیشن مستحکم ہو گی۔ ٹریژری کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ 75 ملین پونڈ سے زائد رقم 110 ریجنلمیوزیمز اور لائبریریز کی عمارتوں کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔ فلیگ شپ ہائی سٹریٹس ہیریٹج ایکشن زون پروگرام کو بھی اس سے فنڈنگ فراہم کی جائے گی تاکہ انگلینڈ بھر میں ٹائون سینٹرز کو بحال کرنے کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔مجموعی طور پر 57 ہائی سٹریٹس کو اس فنڈنگ سے فائدہ پہنچے گا جبکہ لوکل اتھارٹیز یہ رقم پرانی عمارتوں کی مرمت اور ری جنریشن کیلئے استعمال کریں گی تاکہ انہیں نئے ہومز،دکانوں، ورک پلیسز اور کمیونٹی سینٹرز میں ٹرانسفارم کیا جا سکے۔ چانسلر رشی سوناک کا کہنا ہے کہ سائنس میوزیمز سے آرٹ گیلریز تک ہماری شاندار تاریخی سائٹس اس فنڈنگ سے فائدہ اٹھائیں گی، مجھے فخر ہے کہ میں ایسے مضبوط کلچرل ہیریٹج رکھنے والے ملک کا حصہ ہوں۔ اسی لئے ہم لاکھوں پونڈزکی سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور ان پسندیدہ اور مقبول سپاٹس سے صرف موجودہ دور کے لوگ ہی لطف اندوز نہیں ہوں گے بلکہ آنے والی نسلیں بھی فائدہ اٹھائیں گی۔