برمنگھم میں سیرت النبیﷺ پروگرام،اسلامی نظام حیات کے نفاذ کیلئے جد و جہد کی جائے،علمائے کرام

October 25, 2021

برمنگھم(پ ر )ربیع الاول کا مہینہ مسلمانوں کے لئے ہر سال یہ پیغام لاتا ہے کہ اس مہینہ میں خاتم الانبیاء محمدﷺ کی پیدائش ہوئی اور آپؐ کوساری دنیا کے انسانوں کے لئے رسولؐ مبعوث فرمایا گیا۔ اب قیامت تک اور کوئی نبوت کا دعویٰ نہیں کر سکتا، آپ ؐ پر جس کتاب یعنی قرآن مجید کا نزول ہوا وہ بھی قیامت تک انسانوں کو ہدایت مہیا کرے گی، مسلمان خوش قسمت ہیں کہ وہ اس کتاب کے محافظ ہیں لیکن اللہ تعالیٰ اپنی اس کتاب کی خود حفاظت فرما رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتا ز عالم دین اور ہینڈزورتھ پٹنی روڈ برمنگھم مسجد کے خطیب مفتی عبدالمجید ندیم نے یو کے اسلامک مشن سپارک ہل برانچ برمنگھم کے سیرت النبیؐ کے عنوان سے منعقدہ پروگرام میں کیا، اس پروگرام کا آغاز شکیل احمد کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا اور خواجہ محمد سلیمان نے ہدیہ نعت پیش کیا۔نظامت کے فرائض پیغام اسلام مسجد کے خطیب مولانا محمد سجاد نے ادا کئے، مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا کہ برطانیہ میں مسلمانوں کو اسلام کی دعوت دینے کے لئے خصوصی اہتمام کرنا چاہئے، اس ملک میں ہر دنیا کی سہولت موجود ہے، صرف ایمان باللہ کی کمی ہے، اس خلا کو مسلمان ہی ختم کر سکتے ہیں، فلسطین فورم کے سربراہ عابدین فیض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوںکا عقیدہ خالص توحید پر مبنی ہے ۔نبیؐ نے عیسائیوں کے باطل عقیدہ کی اصلاح فرمائی اور اعلان کیا کہ اللہ تعالی کی ذات یکتا ہے اس کی نہ کوئی اولاد ہے اور نہ ہی اس کی خدائی میں کوئی اور شریک ہے۔مودودی فاونڈیشن کے چیئرمین اور پیغام اسلام کے ٹرسٹی محمد غالب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے دین اسلام کی صورت میں ایک نظام حیات دیا ہے، ہمیں اس نظام حیات کو دنیا میں نافذ کرنے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ نبیؐ نے ریاست مدینہ میں عملی طور پر اس نظام کو نافذ کرکے ایک عملی نمونہ ہمارے پاس چھوڑا ہے ہمیں اس کی دعوت دینی چاہئے، کمیونٹی رہنما حاجی رمضان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی ؐ کی ذات سے محبت ہمارے ایمان کا جز ہے لیکن اس محبت کا اظہار بھی اسی طریقے سے ہونا چاہئے جس طرح اصحاب رسولؐ نے کیا، وہ ان کی ذات اور دین اسلام کے لئے ہر شے قربان کرنے کے لئے تیا رتھے، یوکے اسلامک مشن سپارک ہل برانچ کے ناظم مولانا محمد ریاض نے کہا کہ یوکے اسلامک مشن دین اسلام کی دعوت دینے کے عمل میں مصروف ہے ،ہماری برانچ کے تحت خواتین اور نوجوانوں میں خصوصی کام ہو رہا ہے، ہفتہ وار اجتماع کے علاوہ بھی مختلف سرگرمیاں منعقد کی جارہی ہیں۔مولانا محمد سجاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ وارنہ سوچ نے مسلمانوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے، ہماری مسجد میں کبھی بھی مسلکوں کی دعوت نہیں دی گئی ہم ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد کی بات کرتے ہیں، اس پروگرام میں برطانیہ کے معروف شاعر خواجہ محمد عارف نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا، بشیر چغتائی نے بھی ہدیہ نعت پیش کیا،مولانا عبدالاسلام راشدی کی دعا سے پروگرا م کا اختتام ہوا۔