وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم پر تنقید تو کی جاتی ہے، مگر یہ نہیں بتایا جاتا کہ ان میں غلط کیا ہے، آئینی عدالت کے قیام سے وفاق مضبوط ہوا ہے۔
راولپنڈی میں وکلاء کے نئے چیمبرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ پنجاب میں پراپرٹی کے قانون پر اعتراض کی بات ہوئی ہے، معاملہ جلد حل ہوجائے گا، جو لوگ اس پر سیاست چمکانا چاہتے ہیں انہیں شرمندگی ہوگی، میں حکومتِ پنجاب سے ازالے کی بات کروں گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے وکلاء کے لیے ہدایات دی ہیں، راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے اکاؤنٹ میں 3 کروڑ 20 لاکھ روپے منتقل کیے جائیں گے، رقم 64 افراد کو دی جائے گی جن کے چیمبرز کو نقصان پہنچا، رقم وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔
وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان بھر میں بار اور وکلا کی بہتری ہمارا مقصد ہے، لاس آف بزنس کی پہلی قسط رواں ہفتے ملے گی، دوسری قسط پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میرے دو شاگرد راولپنڈی بار میں مسلسل کامیاب ہوتے آرہے ہیں، راولپنڈی بار کے لیے جو مجھ سے ہو سکا وہ کیا، راولپنڈی بار اور سیاسی جماعتوں کا ایک حد تک رابطہ ہوتا ہے، میں نے ہمیشہ بار ایسوسی ایشن کو سیاست سے دور رکھنے کی کوشش کی۔