دبئی میں نئے سال 2026 کی آمد پر عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق سالِ نو کی رات پبلک ٹرانسپورٹ، ٹیکسی، آن لائن بکنگ اور مشترکہ سفری سہولیات استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد 28 لاکھ 36 ہزار سے زائد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد گزشتہ سال 2025 کے مقابلے میں 13 فیصد سے زیادہ ہے، جب نئے سال کی رات تقریباً 25 لاکھ افراد نے سفری سہولیات استعمال کی تھیں۔
آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران دبئی میٹرو کی ریڈ اور گرین لائنز پر تقریباً 12 لاکھ 50 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔ اسی طرح بسوں اور آن ڈیمانڈ بس سروس کے ذریعے 5 لاکھ سے زائد افراد نے آمد و رفت کی۔
رپورٹ کے مطابق نئے سال کی رات 6 لاکھ 62 ہزار مسافروں نے ٹیکسی کے ذریعے سفر کیا، جبکہ 77 ہزار افراد نے میرین ٹرانسپورٹ کے تحت کشتیوں کے ذریعے سفر کیا۔
اس کے علاوہ آن لائن بکنگ کے ذریعے چلنے والی گاڑیوں سے 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد نے آمد و رفت کی۔
دبئی حکام کے مطابق جامع ٹریفک اور ٹرانسپورٹ پلان کی بدولت شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ اور آسان سفری سہولیات فراہم کی گئیں۔