تاجروں کو لوٹنے سمیت سٹریٹ کرائمز میں ملوث دو افراد گرفتار

October 25, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر)پشاور پولیس نے شہر میں پراپرٹی ڈیلرز اورتاجروں کو لوٹنے سمیت سٹریٹ کرائمز میں ملوث دو افراد کو گرفتار لیا۔جن میں ایک افغانی ملزم بھی شامل ہے جبکہ گرفتارملزمان کے قبضے سے 20لاکھ روپے اور 30موبائل فونز بھی برآمد کرلئے گئے۔ ملزمان نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، گزشتہ روز گلبہار پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی سٹی محمد عتیق شاہ نے بتایا کہ فقیرآباد اور بھانہ ماڑی میں شہریوں سے موبائل فونز چھیننے کے علاوہ بینکوں سے رقم نکالنے والے افراد اور اوگرائی کی رقم لیجانے والوں کو لوٹنے والے پانچ ملزمان معین الدین قریشی، انعام گل، یعقوب، خیال مالک اور اسدکو گرفتار کرلیا گیا، ایک ملزم کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ دیگر مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور کے رہائشی ہیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی سبرب عبدالرشید اور ڈی ایس پی فقیرآباد عالمزیب سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔گرفتار ملزمان نے متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کابھی انکشاف کیا ہے جن سے لوٹے گئے 20 لاکھ روپے نقدی اور30 عدد قیمتی موبائل فونزبرآمدکرلئے گئے۔ایس پی عتیق شاہ نے بتایاکہ برآمد شدہ موبائل فونز کے اصل مالکان کا سراغ لگایا جا رہا ہے ۔ ملزمان سے اسلحہ اور تین عدد موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کےخلاف اپنائی گئی نئی حکمت عملی کی بدولت کافی کامیابی ملی ہے ۔ہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ایس پی سٹی نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک لعنت ہے، پاک بھارت میچ کے موقع پر اکثر ہوائی فائرنگ کی جاتی ہے جو کسی کی جان لے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے آگاہی مہم جاری رکھنے کے علاوہ اسکی اطلاع پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اورایسے افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔