سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے پر کھل کر بات کی ہے۔
بشریٰ انصاری کا شمار پاکستان کی ہمہ جہت فنکاراؤں میں ہوتا ہے جو اداکاری، گلوکاری اور اسکرپٹ رائٹنگ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ بشریٰ انصاری جلد ایک رمضان اسپیشل ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گی، جس میں یمنٰی زیدی اور حمزہ سہیل بھی ان کے ہمراہ نظر آئیں گے۔
بشریٰ انصاری سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک ہیں اور اپنے یوٹیوب ولاگز کے ذریعے روزمرہ زندگی اور شوٹنگ کے تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں، حال ہی میں اپنے تازہ ولاگ میں انہوں نے فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر گفتگو کی۔
بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ نوجوان اداکاروں کو اپنے آس پاس کمفرٹیبل محسوس کرواتی ہوں، ان دنوں میں ایک اور پراجیکٹ میں فیروز خان کے ساتھ کام کر رہی ہوں، ابتدا میں وہ میرے ساتھ خاصے شرمیلے تھے کیونکہ اس سے پہلے ہم نے کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا تھا، انہیں لگتا تھا کہ میں شاید بہت سنجیدہ یا سرد مزاج ہوں، لیکن جب وہ مجھے سمجھ گئے تو بہت دوستانہ اور باادب ہو گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مجھے بار بار گلے لگاتے اور کہتے تھے کہ آپ کے بغیر گزارا نہیں، آپ بہت محبت کرنے والی اور مہربان ہیں، نوجوانوں کو محبت دیں گے تو وہ بھی محبت لوٹائیں گے، میں ان سے غیر ضروری سوالات نہیں کرتی، جیسے لیٹ کیوں ہوئے یا سیٹ پر کیا گڑبڑ کی، کیونکہ ہر کسی کا اپنا انداز ہوتا ہے۔